۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
1

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے لئے طبی امداد کا پہلا کھیپ غزہ کی جانب روانہ ہو چکا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے اور حرم امام حسین علیہ السلام کے متولی شیخ عبدالمہدی الکربلائی نے غزہ کی پٹی میں ادویات اور ضروری طبی آلات کی پہلی کھیپ ارسال کرنے کا اعلان کیا۔

شیخ الکربلائی نے کہا: غزہ کے زخمیوں اور مظلوم فلسطینیوں کی مددکے سلسلے میں آیت اللہ سیستانی کے حکم کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ اور محکمہ صحت، علاج اور میڈیکل ایجوکیشن آرگنائزیشن کے باقی عہدیداروں کو (16) ٹن کی مقدار میں ادویات اور ضروری طبی سامان کی پہلی کھیپ بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے عتبہ حسینیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے نائب سربراہ احمد حسن فہد نے کہا:آیت اللہ سیستانی کے نمائندے شیخ عبدالمہدی الکربلائی کے براہ راست حکم سے طبی امداد کے لئے گاڑیوں کا پہلا قافلہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے تقریباً (16) ٹن ادویات اور ضروری طبی آلات کے ساتھ روانہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا: یہ کام عراقی ہلال احمر سوسائٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مصری اور فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے ساتھ ساتھ فلسطینی وزارت صحت سے بھی ہم آہنگی کی گئی ہے، اس کھیپ میں زخمیوں یا بیماروں کے لیے ضروری طبی ساز و سامان موجود ہے اور امید ہے کہ انہیں مصر اور پھر فلسطین پہنچا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا: یہ پہلی طبی امداد ہے، آئندہ بھی فلسطینی عوام کو امداد فراہم کرنے کے لیے عتبہ حسینیہ کی طرف سے طبی اور انسانی امداد فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ عتبہ حسینیہ نے اس سے پہلے عراق اور فلسطین کے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر زخمی فلسطینیوں کو کربلا کے اسپتالوں میں منتقل کرنے اور ان کے علاج کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی تھی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .