حوزہ نیوز ایجنسی کے گروہ ترجمہ کے مطابق، مصر کے مفتی شوقی علام نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا: مصر فلسطینی عوام کی مقاومتی جہادی کوششوں کی حمایت کو اپنی تاریخی، تہذیبی، علاقائی اور مذہبی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا: مصر ایک لمحہ بھی فلسطین کاز اور فلسطینی مقاومت کے دفاع سے دستبردار نہیں ہو گا۔مفتی مصر نے کہا: فلسطینی مظلوم عوام اپنے حق کا دفاع کرتے ہوئے بہت جلد اپنی سرزمین کو دوبارہ واپس حاصل کریں گے اور اپنی سرزمین پر امن و سکون سے زندگی گزاریں گے۔
انہوں نے عالمی برادری سے تقاضا کیا کہ وہ فلسطینیوں کے تمام جائز حقوق کی بحالی اور قدس کی مرکزیت میں فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے فلسطینی عوام کی ہر ممکنہ حمایت کریں۔
مفتی مصر نے کہا: صہیونی چاہتے ہیں کہ فلسطینیوں کو ان کی اپنی آبائی زمینوں سے نکال کر یہودی آبادکاری کر کے وہاں سے فلسطینی مسلمانوں کے نام و نشان کو مٹا دیں۔ جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔