حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے گلزار شہدائے کرمان میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کے پیغام کا متن اس طرح ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
شہید حاج قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر گلزار شہدائے کرمان میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ جس میں کئی ہموطنوں نے شہادت کا درجہ پایا اور کئی دوسرے زخمی ہوئے، انتہائی دکھ اور افسوس کا باعث بنا۔
اس دلخراش واقعے نے ایک بار پھر دشمنان اسلام اور ایرانی قوم کے دشمنوں کے سیاہ چہرے کو واضح کر دیا ہے۔
لیکن یاد رہے کہ اس قسم کے واقعات ہماری غیور عوام اور دشمنوں کے مقابلہ میں ہماری طاقتور فوجی اور سیکورٹی فورسز کے ارادوں میں کوئی خلل ایجاد نہیں کر پائیں گے اور وہ امام خمینی رہ اور شہداء کے ساتھ کئے گئے عہد و پیمان پر عمل پیرا ہیں اور انقلاب اسلامی اور رہبر معظم انقلاب کی حمایت جاری رکھیں گے۔
میں اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکام محترم سے اس دہشت گردی کی کارروائی کے خلاف مناسب کارروائی کرنے اور دشمنوں کو قاطع جواب دینے کی درخواست کرتا ہوں اور خداوند متعال سے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے علو درجات اور زخمیوں کی مکمل صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
قم المقدسہ
حسین نوری ہمدانی