۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
نواب علی اختر

حوزہ/ مشہد مقدس (ایران) میں حرم امام ر ضاؑ کے نگراں ادارے کے اہم مقاصد میں زائرین کی خدمت کے ساتھ ساتھ تعلیمی، معاشی، فلاحی اور معیاری طبی سرگرمیاں شامل

تحریر: نواب علی اختر

حوزہ نیوز ایجنسی | مشہد، (ایران): ایران اسلامی جمہوریہ ہے اوریہاں فرقہ اور مسلک سے بالاتر ہو کراسلامی احکامات کے تحت امورانجام دیئے جاتے اور بیرون ملک ایران کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو ہم زبان اور بیان سے نہیں بلکہ اپنے کام سے جواب دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حرم امام رضاؑ (مشہد مقدس،ایران) کا انتظام وانصرام سنبھالنے والے دنیا کے سب سے بڑے ٹرسٹ ’ آستان قدس رضوی‘ کے میڈیا کمیونیکیشن کے سربراہ ڈاکٹرمحسن ہوشمند نے کیا۔ موصوف یہاں آستان قدس رضوی کے ہیڈ کواٹر میں غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ ایران کے صوبہ خراسان کے شہر مشہد مقدس میں قائم آستان قدس رضوی حرم امام ر ضاؑ کا نگراں (متولی) ادارہ ہے جو ایران کے سپریم لیڈراور روحانی پیشوا آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی سرپرستی میں خدمات انجام دیتا ہے۔یہ ادارہ حرم امامؑ کے انتظام وانصرام کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پرعوامی فلاحی امور بھی انجام دیتا ہے جن میں اسکول، کالج، فیکٹریاں، اسپتال وغیرہ شامل ہیں۔ اس ادارے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت ایران خود آستان قدس رضوی سے قرض لیتی ہے۔ مجموعی طور پریوں کہا جاسکتا ہے کہ آستان قدس رضوی اپنے آپ میں ایک مکمل حکومت ہے اور مشہد ہی نہیں پورا ایران اس کے تابع ہوتا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ صوبہ خراسان میں دنیاوی نظام کے تحت قائم ہونے والی کوئی انتظامیہ نہیں ہے بلکہ یہاں بھی حکومت ہے اور وزراء بھی ہیں لیکن یہ اسلامی جمہوریہ امام ر ضاؑ کو اپنا حاکم اور شہنشاہ مانتی ہے اوراس کی تمام سرگرمیاں نظام امامت کے تحت ہی انجام دی جاتی ہیں۔ان تمام حالات میں آستان قدس رضوی دنیا کے تمام این جی اوز کے لئے مثالی اور قابل تقلید کہا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حرم امام رضا کی کرامت سے رات بھی دن کی طرح روشن نظر آتی ہے مشہد مقدس

آستان قدس رضوی کے میڈیا کمیونیکیشن کے سربراہ ڈاکٹرمحسن ہوشمند کے ساتھ ان کے معاون ڈاکٹر ملکوتی بھی موجود تھے۔ غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کے دوران حرم امام میں ہر وقت ہزاروں زائرین کو منظم رکھنے اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے سے متعلق ڈاکٹرمحسن ہوشمند نے کہا کہ حرم اوراس سے متعلقہ اداروں کی سرگرمیوں سے عوام کو آگاہ رکھنے کےلئے ہمارے پاس ایک مکمل نظام ہے جس کے لئے ہمارے رضاکار24 گھنٹے اپنے کام میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرم میں استعمال ہونے والا ہرسامان اپنی فیکٹری اوراداروں میں ہی تیار کیا جاتا ہے ۔ مسٹر ہوشمند نے کہا کہ آستان قدس کی اپنی پریس ہے جس میں بڑے پیمانے پر پرنٹنگ اور پبلشنگ کا کام کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ آستان قدس کی بسکٹ فیکٹری ہے جس سے حرم کے ساتھ ساتھ پورے مشہد میں بسکٹ، بریڈ، کیک ودیگر مصنوعات خوبصورت پیکنگ اور کوالٹی کے ساتھ سپلائی کی جاتی ہیں۔ محسن ہوشمند نے بتایا کہ آستان قدس رضوی کی تعلیمی سرگرمیوں کے تحت ثقافتی اور تعلیمی ادارے قائم ہیں جو گلشن ایران کو اپنی تعلیم کی خوشبو سے معطرکر رہے ہیں۔

دنیا کے تمام این جی اوز کے لئے مثالی اور قابل تقلید ہے’آستان قدس رضوی‘

آستان قدس رضوی کی دعوت پر دیگرغیرملکی صحافیوں کے گروپ میں شامل روزنامہ ’صحافت‘ دہلی کے نیوز ایڈیٹر نواب علی اختر کے آستان قدس رضوی کے آمدنی کے ذرائع کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ڈاکٹر محسن ہوشمند نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ٹرسٹ اورفاونڈیشن عطیات اور تحائف پرانحصار کرتے ہیں مگر آستان قدس رضوی خود کفیل ادارہ ہے جو اپنے اخراجات پر حرم امام رضا میں زائرین کی سہولیات اورامام کے مہمانوں کی خدمات انجام دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد رفاہی اورفلاحی سرگرمیاں انجام دینے والے’آستان قدس رضوی‘ کے رضاکار حرم امام رضا میں زائرین کی بھیڑ کو سنبھالنے اور بزرگ و معذور زائرین کی مدد کے لئے بے لوث خدمات فراہم کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حرم امام کسی بھی طرح کے حادثے، اختلاف، شکایات سے ہمیشہ پاک رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حرم میں زائرین کی کثرت کی وجہ سے پیر رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی ہے ،ایسی صورت میں ہمارے رضاکار انتہائی نرم گفتاری اوراحترام کے ساتھ امام کے مہمانوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ آستان قدس رضوی کے اعلیٰ افسر نے کہا کہ دنیا کے کونے کونے سے یہاں آنے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ دور درازعلاقوں سے آنے والے امام کے مہمان کسی مشکل کے بغیر زیارت ،عبادت اور مناجات کرسکیں۔ ادارے کی منصوبہ بندی , دانشمندی اور خدام کے ساتھ زائرین کا تعاون حرم کے نظام اور ماحول کو بہتر بنائے رکھنے میں اہم کرتا ہے۔

آستان قدس رضوی کی تعلیمی سرگرمیوں کے تحت ثقافتی اور تعلیمی ادارے قائم کئے گئے ہیں جو گلشن ایران کو اپنی تعلیم خوشبو سے معطر کر رہے ہیں جن میں امام رضا یونیورسٹی، رضوی یونیورسٹی آف اسلامک سائنسز، اسلامک ریسرچ فاونڈیشن، یوتھ کونسلنگ سروسز اینڈ سوشل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، رضوی کلچرل فاونڈیشن، فنکارانہ تخلیق اور آڈیو ویژول میڈیا انسٹی ٹیوشن شامل ہیں۔ حرم کے منتظم ادارہ آستان قدس رضوی کے تحت مرکزی میوزیم، آستان قدس رضوی دارالقرآن، سپریم کلچرل کونسل، مرکزی لائبریری، نظامت اسلامیہ تبلیغات و تعلقات عامہ، دفتر بین الاقوامی تعلقات اور آستان قدس رضوی کے ملازمین کے لیے ڈیوٹی تعلیمی مرکز جیسے کئی تعلیمی ادارے ہیں جو تعلیم وتربیت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .