۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
الیکشن

حوزہ/ اسلام آباد؛ پاکستان بھر میں 12 ویں عام انتخابات 2024ء کے انتظامات مکمل ہوگئے ہیں اور پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی نے پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق نقل کیا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات 2024ء کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر پاکستان بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مد مقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق، 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار 371 نئے ووٹرز بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے شہری کو اصل شناختی کارڈ کے ساتھ پولنگ اسٹیشن جانا ہوگا، جہاں وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبر کو ووٹ کاسٹ کرے گا، قومی کیلئے سبز، جبکہ صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہوگا۔

پاکستانی الیکشن کمیشن کے مطابق، پولنگ کیلئے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس ہیں۔ پولنگ اسٹیشن اور دیگر امور کی نگرانی کیلئے 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار چوکس رہیں گے۔ پیرا ملٹری فورس دوسرے جبکہ تیسرے درجے میں پاک فوج زمہ داری انجام دے گی، جو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .