۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
آیت اللہ باقر مقدسی

حوزہ / مفاد پرست، متعصب، دہشت گرد، تکفیری سوچ کے حامل ملک اور ملت دشمن عناصر کو قانون ساز اسمبلیوں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنا تمام محب وطن اور باایمان پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے عام انتخابات کے حوالے سے آیت اللہ شیخ محمد باقر مقدسی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انتخابات، جمہوری سیاسی نظام کا سب سے اہم اور بنیادی ستون ہے۔ ایک جمہوری نظام کی خوبصورتی اس میں ہے کہ لوگ بصیرت اور آگاہی کے ساتھ ایک باصلاحیت اور محب وطن اور خدمت گزار فرد کے انتخاب کے لیے انتخابات میں بھرپور شرکت کریں چونکہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے لہذا اس ملک میں احزاب اور سیاسی جماعتوں کو فوقیت دینے کے بجائے قانون گزار اور امیدواروں کی اللہ کی اطاعت اور لوگوں کی خدمت کے پہلو کو مرکزی حیثیت دے کر شائستہ اور متدین امیدواروں کو انتخاب کرنے کی ضرورت ہے۔

اب تک ہونے والے انتخابات میں مختلف پارٹیوں کو مرکزی حیثیت دے کر حق رائے دہی کے استعمال کا تجربہ خاطر خواہ کامیاب نہیں ہوا کیونکہ پارٹی محور ہونے والے انتخابات میں خود غرض، قانون شکن، متعصب اور مفاد پرست لوگ بھی منتخب ہوئے۔ جس کے نتیجے میں پاکستان ترقی کے بجائے روز بروز تنزلی کا شکار ہوا۔ جو ہم سب کے لئے نہ صرف لمحہ فکریہ ہے بلکہ کی باعث عبرت بھی ہے۔

اس لیے اس بات پر توجہ کرنے کی ضرورت ہے کہ غلط اور مفاد پرست لوگوں کو انتخاب کر کے ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد غم و غصّہ کا اظہار کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے لہٰذا عقلمندی اسی میں ہے کہ جہاں پاکستان کے استحکام اور پائیداری کے لئے بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینے کی ضرورت ہے تو وہاں یہ بھی انتہائی ضروری ہے کہ مفاد پرست، متعصب، دہشت گرد، تکفیری سوچ کے حامل ملک اور ملت دشمن عناصر کو قانون ساز اسمبلیوں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنا تمام محب وطن اور باایمان پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے۔

پسندیدہ امیدوار کے انتخاب کرنے سے پہلے درج زیل نکات پر توجہ کرنے کی ضرورت ہے:

1: با اخلاق ہونا

پیغمبر اکرم (ص) کے مبعوث بہ رسالت ہونے کے بعد خدا نے پیغمبر اکرم (ص) کے اچھے اخلاق پر زور دیتے ہوئے فرماتا ہے کہ: "وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٍ" (قلم، 4) اور آل عمران کی آیت 159 ارشاد فرمایا:« وَلَوْ كُنْتَ فَظًّا غَلِيظَ الْقَلْبِ لَانْفَضُّوا مِنْ حَوْلِكَ »اگر آپ اخلاق کے پیکر نہ ہوتے تو لوگ آپ کے اردگرد سے بکھر جاتے۔ ان آیات کی روشنی میں کہہ سکتے ہیں کہ حکمران یا ذمہ دار شخص کی پہلی خصوصیت اچھے اخلاق کا ہونا ہے۔

ان لوگوں سے اجتناب کریں جو اقتدار پر قبضہ کرنے کے لیے کسی اخلاقی معیار کی پابندی نہیں کرتے۔ اسے لوگوں کا کام اپنے منشور بیان کرنے کے بجائے حریف امیدواروں پر بے بنیاد الزامات کے زریعے سے لوگوں کے نظروں سے گرانے کی کوشش کرتے ہیں۔

2: صداقت

سورہ ہود کی آیت نمبر 88 میں حضرت ہود علیہ السلام اپنی قوم سے فرمایا: ’’إِنْ أُرِيدُ إِلَّا الْإِصْلَاحَ مَا اسْتَطَعْتُ " مجھے خدا نے تمہاری اصلاح کے لیے چنا ہے اور تمہاری اصلاح کے علاوہ میرا کوئی مقصد نہیں ہے۔

آپ کے اس جملے سے صداقت کی اہمیت کو سمجھ سکتے ہیں۔ ذمہ دار شخص یا امیدوار حضرات لوگوں سے ایسے بے کار وعدے نہ کریں جو ان کی طاقت سے باہر ہوں۔ کوئی منصب حاصل کرنے کے لیے جھوٹ بولنا کسی مومن اور شائستہ شخص کی شان نہیں۔ سورہ مبارکہ "صف" کی آیات 2 اور 3 میں خدا ان لوگوں کو مخاطب کرتا ہے جو جھوٹا وعدے کرتے ہیں اور فرماتا ہے :«یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آَمَنُوا لِمَ تَقُولُونَ مَا لَا تَفْعَلُونَ اے ایمان والو تم ایسی بات کیوں کہتے ہو جو نہیں کرتے؟ «کَبُرَ مَقْتًا عِندَ اللَّهِ أَن تَقُولُوا مَا لَا تَفْعَلُونَ اللّٰہ کو وہ بات بھت ناپسند ہے جس پر عمل نہیں کرتے ہو بدقسمتی سے عوام کے ووٹ اکٹھے کرنے کے لیے خالی وعدے کرنا کچھ لوگوں کی انتخابی عادت بن چکی ہے!

3: امانت داری اور قابلیت

اللہ تعالیٰ سورہ النساء کی آیت نمبر 58 میں فرماتا ہے: «إِنَّ اللّهَ یَأْمُرُکُمْ أَن تُؤدُّواْ الأَمَانَاتِ إِلَى أَهْلِهَا خدا آپ کو حکم دیتا ہے کہ امانتیں ان کے مالکان کو واپس کردیں" منصب اور عہدہ سب سے اہم امانتوں میں سے ایک ہے جسے اس کے شائستہ افراد کے حوالہ کیا جانا چاہیے۔ حضرت علی علیہ السلام مالک اشتر سے فرماتے ہیں: «اخْتَبِرْهُمْ بِمَا وُلُّوا لِلصَّالِحِینَ قَبْلَکَ فَاعْمِدْ لِأَحْسَنِهِمْ کَانَ فِی الْعَامَّهِ أَثَراً وَ أَعْرَفِهِمْ بِالْأَمَانَه»( نہج البلاغہ، نامہ، 53)

ان کا امتحان اس خدمت سے کرو جو انہوں نے تم سے پہلے نیک خدمت گزاروں کو دیا ہے، اور اس پر بھروسہ کرو جس نے سب کے درمیان اچھا اثر چھوڑا ہو اور امانت داری میں سب سے مشہور ہو اورامتحان میں کامیاب ہوا ہو۔" (نہج البلاغہ، خط، 53) ) آج جو پارلیمنٹ کے عہدے کے دعویدار ہیں جن کی برسوں کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے، جنہوں نے کھبی بھی اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا وہ اس منصب کے لیے یقیناً اہل نہیں ہے امام علی علیہ السلام نہج البلاغہ کے خط نمبر 26 میں فرماتے ہیں: اور یقیناً قوم سے سب سے بڑی خیانت عوام کیے وعدے کو پورا نہ کرنا؛ قوم سے خیانت ہے۔ سورہ یوسف کی آیت نمبر 55 میں فرماتا ہے: حضرت یوسف علیہ السلام نے فرمایا اے خدا مجھے اس سرزمین کے خزانوں اور دولت کا ذمہ دار بنا دے کیونکہ میں دانا اور علم والا ہوں۔ اس سلسلے میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حدیث ہے، فرماتے ہیں کہ جب کسی کو کسی کام کے لیے انتخاب کرے جب کہ وہ جانتے ہو کہ مسلمانوں میں ایسا شخص بھی موجود ہے جو اس ذمہ داری کے لائق اور قرآن و سنت کا زیادہ علم رکھنے والا موجود ہے تو یقیناً خدا اور رسول اور تمام مومنین کے ساتھ خیانت کی ہے۔

4: لوگوں میں سے ہی ہونا

صحیح امیدوار کا معیار یہ ہے کہ وہ عوام الناس میں سے ہو اور وہ ہمدرد اور مہربان ہو۔ جو امیدوارعوامی مقبول نہیں ہے وہ مظلوم اور محروم طبقے کے ساتھ ہمدردی اور مہربان نہیں ہوگا۔ سورہ "توبہ" کی آیت نمبر 128 میں خدا فرماتا ہے؛ «لَقَدْ جَاءکُمْ رَسُولٌ مِّنْ أَنفُسِکُمْ عَزِیزٌ عَلَیْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیصٌ عَلَیْکُم بِالْمُؤْمِنِینَ رَؤُوفٌ رَّحِیمٌ؛یقیناً تمہارے پاس خود تم ہی میں سے ایک نبی آیا ہے تمہیں تکلیف میں دیکھنا ان پر شاق گزرتا ہے وہ تمہار بھلائی کا نہایت خواہاں ہے اور مومنوں کے لیے نہایت شفیق، مہربان ہے۔ رہبر معظم سید علی خامنہ مدظلہ العالی کے فرمان کے مطابق: ’’ انتخابات میں خدمت کا مقابلہ ہونا چاہیے، اقتدار حاصل کرنے کا مقابلہ نہیں

5: اسلام اور ملک دشمنوں سے دوستی کرنے سے اجتناب

سورہ نساء میں اللہ تعالیٰ نے اجنبیوں اور اسلام کے دشمنوں سے دوستی کرنا منافقوں کی خصوصیات میں سے قرار دیا ہے۔ آج اصلح امیدوار کی سب سے اہم خصوصیت اسلامی نظام کے دشمنوں کے ساتھ دوستی نہ کرنا ہے۔ ان دشمنوں کو کوئی بہانہ نہ دیں جو ہر وقت وار کرنے کے در پے ہوتے ہیں۔ امت مسلمہ کے دشمنوں سے دوستی اپنی قوم اور مسلم عوام کے نظریات و اقدار سے خیانت ہے اور آج غزہ اس کا گواہ ہے۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ فلسطین کے مظلوم مسلمان آئے روز مارے جاتے ہیں لیکن اسلامی ممالک خاموش ہیں کیونکہ اسلامی ممالک کے اکثر حکمران عوام میں سے نہیں ہیں۔

لہذا، مستقبل کے نمائندوں کے انتخاب میں ماضی سے سبق سیکھیں اور مومن، دلسوز، خدمت گزار اور وفادار امیدواروں کو منتخب کرنے کی کوشش کریں۔اللہ آپ سب کا حامی و ناصر ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .