حوزہ نیوز ایجنسی قزوین سے نامہ نگار کے مطابق، ایران کے صوبہ قزوین میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین عبدالکریم عابدینی نے صوبہ قزوین میں موجود مزارات کی تعمیر نو کے ادارہ کے سربراہ مہدی طاہرخانی سے ملاقات کے دوران کہا: رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حالیہ بیانات میں تین اہم موضوعات پر تاکید کی گئی ہے جن میں اتحاد و وحدت، امن و سلامتی اور خواتین کے امور شامل ہیں۔ دشمن نے ہمارے اتحاد کو تقسیم کرنے اور ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے ان تینوں مسائل کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا: عوامی اتحاد اور ہم آہنگی ایک مثالی چیز ہے جس کی ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔
امام جمعہ قزوین نے کہا: خداوند متعال سورہ مائدہ کی آیت نمبر 27 میں فرماتا ہے «إِنَّمَا یَتَقَبَّلُ اللَّهُ مِنَ الْمُتَّقِینَ»، یعنی "خدا صرف متقین کے اعمال کو ہی قبول کرتا ہے"۔ لہذا ہم جو کچھ بھی اعمال انجام دیتے ہیں، اگر اس میں تقویٰ، خدا کی خوشنودی اور اخلاص شامل نہ ہو تو خداوند متعال کبھی اسے قبول نہیں کرے گا۔
حجت الاسلام والمسلمین عبدالکریم عابدینی نے کہا: بہت سے لوگ آئے، کام کیا اور چلے گئے، حاج قاسم سلیمانی بھی آئے، کام کیا اور چلے گئے، لیکن خدا نے انہیں قبول کیا کیونکہ وہ متقی تھے۔ بہت سے علماء نے بھی بہت سی زحمات اٹھائی ہیں لیکن امام خمینی (رہ) اپنے اخلاص کی وجہ سے کئی ایک سے زیادہ ماندگار ہوئے۔ بہت سے لوگوں نے کتابیں لکھیں لیکن علامہ امینی (رہ) کا کام کچھ اور ہی ثابت اور پائیدار ہوا۔ اسی طرح بہت سے لوگوں نے تفسیر لکھی لیکن علامہ طباطبائی کی تفسیر نے ایک الگ مقام پایا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان سب کے کام میں اخلاص اور خدا کی خوشنودی نمایاں تھی۔