۲۶ آذر ۱۴۰۳ |۱۴ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 16, 2024
علامہ عارف حسین واحدی 

حوزہ / اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے پاکستان میں الیکشن 2024ء کے حوالہ سے بیان جاری کیا ہے کہ "حلقہ این اے 109 جھنگ سے شیعہ سنی عوام شیخ وقاص اکرم اور ان کے پینل کو ووٹ دیکر شدت پسندی کو خاک میں ملا دیں۔ جھنگ کے حلقہ این اے 109 سمیت ملک بھر میں شیعہ سنی عوام معتدل امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں"۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم اور مرکزی سیاسی سیل کے فیصلے کے مطابق ملک بھر میں لوگ ملکی ترقی، خوشحالی و سالمیت کے لئے جس امیدوار کو اہل اور معتدل سمجھیں اسے اپنا قیمتی ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔

خصوصی طور پر جھنگ کے حلقہ 109 پہ مرکزی سیاسی سیل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم شیخ وقاص اکرم صاحب کی بھر پور حمایت کریں گے۔ جھنگ کی باشعور شیعہ سنی عوام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ انتشار و افتراق اور شدت پسندی کے خاتمے، ملک میں امن و امان، سالمیت و استحکام، اتحاد و وحدت اور اخوت و بھائی چارے کے لئے شیخ وقاص اکرم اور ان کے پینل کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔ یہ کامیابی جھنگ اور وہاں کے غیور عوام کی بڑی فتح ہو گی۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا: یہ الیکشن جھنگ کے امن و امان میں اور شدت پسندی و فرقہ واریت کے خاتمے میں بہت بڑا کردار ادا کرے گا۔

ہم سب مل کر جھنگ سمیت ملک بھر میں ان امیدواروں کو کامیاب کریں گے جو وطن عزیز کی سالمیت و استحکام اور اتحاد و وحدت میں کردار ادا کر سکیں، لوگوں کو آپس میں جوڑ سکیں۔ نہ کہ لوگوں میں تفریق و انتشار پیدا کریں اور شدت پسندی پیدا کریں۔

اس وقت دور یہ ہے کہ ہم ملک کو آگے بڑھانے کے لئے، ملکی ترقی کے لئے ان لوگوں کو کامیاب کریں جو اس ملک میں امن کے لئے کام کریں اور جو لوگ فرقہ واریت اور شدت پسندی پھیلانے کے لئے کام کر رہے ہیں ان شاء اللہ 8 فروری ان کی شکست کا دن ہو گا اور جو لوگ اتحاد و وحدت قائم کرنے کے لئے آگے آگے ہیں، ہمارے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اس ملک میں اتحاد و وحدت کے بانی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ شدت پسندی اور فرقہ واریت کا مقابلہ کیا ہے، امن کا پیغام دیا ہے، احترام کا پیغام دیا ہے، تمام مسالک کے مقدسات کے احترام کا پیغام دیا ہے۔ لہذا جھنگ کی سرزمین کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے شیخ وقاص اکرم کو ووٹ دے کر انہیں کامیاب کریں۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .