حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انتہاء پسند ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازشوں میں مصروف ہیں، یہود و ہنود کا ایجنڈا ہے کہ مسلمانوں کو فرقہ واریت میں دھکیل کر مذموم مقاصد پورے کئے جائیں، اہلسنت اسلام و ملک کے خلاف کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر آئے ہوئے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ علماء و مشائخ نفرتوں کو ختم اور اولیاء اللہ کے امن کے پیغام کے پرچم کو بلند کریں، شر کی قوتوں کو صبر اور امن پالیسی سے ناکام بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک نازک دور سے گذر رہا ہے، اسرائیل اور استحصالی قوتیں ملک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سماجی و معاشرتی مسائل کو حل کرنے کیلئے یکجا ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کی ترقی و خوشحالی ملک کی ترقی و خوشحالی اور مضبوط معیشت کی ضمانت ہے، وفاقی و صوبائی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کریں۔