۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
ملی یکجہتی کونسل پاکستان

حوزہ/ اسرائیل ایک ناجائز اور غاصب صہیونی ریاست ہے، جو استعماری قوتوں نے اپنے مقاصد کیلئے قائم کر رکھی ہے، اسکے خاتمے کے سوا خطے میں امن کے قیام کی کوئی سبیل نہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا مرکزی مشاورتی اجلاس متحدہ جمعیت اہلحدیث کی میزبانی میں لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کی۔ اجلاس میں کونسل کی 15 رکن جماعتوں اور تین اداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ تمام قائدین نے اس امر پر زور دیا کہ اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کیخلاف دشمنوں کی حالیہ سازشوں کا مقابلہ اتحاد و اتفاق سے کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس کی نظامت کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی۔ اجلاس میں علامہ عارف حسین واحدی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث، پیر غلام رسول اویسی سربراہ تحریک اویسیہ، مولانا ملک عبدالرؤف متحدہ علماء کونسل، مرزا ایوب بیگ تنظیم اسلامی، سید ثاقب اکبر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل، سید نثار علی ترمذی البصیرہ، علی رضا نقوی امامیہ آرگنائزیشن، مولانا جعفر علی میر جامعہ عروۃ الوثقیٰ، حافظ عبدالغفار روپڑی جماعت اہل حدیث، پیر سید محمد صفدر گیلانی جمعیت علمائے پاکستان، میر آصف اکبر منہاج القرآن، مولانا مختار احمد خان سواتی جمعیت اتحاد العلماء، پیرزادہ برہان الدین علماء و مشائخ رابطہ کونسل، سید شاہد حسین گردیزی پنجتن پاک مشائخ کونسل، حسن فاروق تحریک جوانان پاکستان اور دیگر راہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ہم 31 اکابر علماء کے 22 نکات، قرارداد مقاصد، آئین کی اسلامی دفعات، ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق، پیغام پاکستان پر متحد ہیں، یہ ہماری مشترکہ دستاویزات ہیں، ہم تمام اسلامیان پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ان دستاویزات پر کاربند رہیں اور دین کی مشترکہ تعلیمات کی بنیاد پر آپس میں متحد رہیں، ہم عقیدہ توحید، تمام انبیاء و رسل کی رسالت پر ایمان اور آنحضرتؐ کی ختم نبوت پر ایمان، قرآن کے غیر محرف آخری کتاب ہونے پر ایمان اور عقیدہ معاد پر متفق  و متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آنحضرتؐ کے اہل بیت اطہار، صحابہ کرام اور امہات المومنین کے احترام پر متفق و متحد ہیں اور ان ہستیوں کی توہین کرنیوالوں سے ہم اظہار برأت کرتے ہیں۔ رہنماوں نے کہا کہ ہم اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنیں گے اور اس اسلامی ریاست کو کمزور نہیں ہونے دیں گے اور اس میں اسلامی تعلیمات کی بالادستی کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں فرقہ واریت کی موجودہ لہر کے پیچھے اسلام دشمن قوتیں کارفرما ہیں، امریکہ، اسرائیل اور بھارت جو اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں، انھیں پاکستان کی جوہری اور اسلامی حیثیت بہت کھٹکتی ہے، ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم کشمیر کی تحریک حریت کیساتھ کھڑے ہیں اور اس کی آزادی اور پاکستان سے اس کے الحاق کے سوا اس کا کوئی حل قبول نہیں کریں گے، ہم یقین رکھتے ہیں کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، اسرائیل ایک ناجائز اور غاصب صہیونی ریاست ہے، جو استعماری قوتوں نے اپنے مقاصد کیلئے قائم کر رکھی ہے، اس کے خاتمے کے سوا خطے میں امن کے قیام کی کوئی سبیل نہیں۔ جو اسلامی ممالک اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے فیصلے کو واپس لیں، تاکہ عالم اسلام متحد ہو کر فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے اقدام کرسکے۔ اجلاس میں پیر حضرت حمیدالدین سیالوی کی رحلت پر تعزیت پیش کی گئی اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔ تمام حاضرین نے متحدہ جمعیت اہل حدیث کے امیر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری کی طرف سے اجلاس کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .