۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
طرحی بزم مسالمہ؛ بیاد شاعر اہلبیت(ع) جناب اختر اعظمی صاحب مرحوم 

حوزہ/ سید عبد المجید تعلیمی و فلاحی ادارہ کی جانب سے ایک عظیم الشان طرحی بزم مسالمہ منعقد کیا گیا۔ جس میں مایہ ناز شعراء کرام نے جناب سید افضال حسین اختر اعظمی صاحب ابن سید عبدالمجيد صاحب کے مصرعے  "صرۂ خاک شفاء قبر میں اختر لائے" پر سلام کے اشعار پیش کئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ماسٹر بنگلہ، حضرت امام حسین علیہ السلام چوک، کوثر واڑی، کلیان ویسٹ میں بعد از مغربین سید عبد المجید تعلیمی و فلاحی ادارہ کی جانب سے ایک عظیم الشان طرحی بزم مسالمہ منعقد کیا گیا۔ جس میں مایہ ناز شعراء کرام نے جناب سید افضال حسین اختر اعظمی صاحب ابن سید عبدالمجيد صاحب کے مصرعے "صرۂ خاک شفاء قبر میں اختر لائے" پر سلام کے اشعار پیش کئے۔

مسالمے میں شعراء کرام میں نباض ادب ڈاکٹر شعور اعظمی صاحب، محترم جناب مشہود دانا پوری صاحب، محترم جناب قسیم غازی پوری صاحب، محترم جناب ہلچل اعظمی صاحب، محترم جناب فانوس بروانی صاحب، محترم جناب عظیم اعظمی صاحب، محترم جناب نشتر مالکی صاحب، محترم جناب امید اعظمی صاحب، محترم جناب اکبر نقوی صاحب، محترم جناب افسر دکنی صاحب اور محترم جناب ضیاء اعظمی صاحب اور علماء کرام میں حجت الاسلام مولانا شیخ الیاس حسین صاحب، مولانا سید اظہار حسین صاحب، مولانا افتخار حسین صاحب، مولانا آفتاب کاظمی صاحب اور حجت الاسلام مولانا سید ضیغم عباس زیدی صاحب شریک ہوئے۔

مسالمے کی ابتدا مولانا سید ضیغم عباس صاحب کی دلنشین تلاوت قرآن سے ہوئی بعدہ مولانا آفتاب کاظمی صاحب نے بھی پر کشش آواز میں حدیث کساء کی تلاوت کی۔

مسالمے کی باقاعدہ ابتداء افسر دکنی صاحب کی نعت رسول اکرم (ص) سے ہوئی۔ اور پھر حجت الاسلام مولانا سید ضیغم عباس زیدی صاحب نے تعارفی تقریر پیش کی جس میں انہوں نے اختر اعظمی صاحب مرحوم کے تعارف کے ساتھ قرآن و حدیث کی روشنی میں شعراء اہلبیت(ع) کی عظمت اور ذمہ داریاں بیان کی۔ بعدہ شعراء کرام نے یکے بعد دیگرے اپنے کلام پیش کیے۔

نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے شاعر اہلبیت(ع) جناب محسن زیدی صاحب نے انجام دیے۔آخر میں حجت الاسلام مولانا شیخ الیاس حسین صاحب نے اپنا کلام پیش کیا اور مختصر ناصحانہ تقریر کی اور مسالمے کے منتظمین جناب سید علی کوثر صاحب، جناب سید اظہار حسین منظر صاحب، سید اسرار حسین افسر صاحب اور جناب سید اعجاز حسین نیر صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعاءِ امام زمانہ (عج) پر مسالمے کے التواء کے اعلان پر پروگرام کا اختتام کیا۔

اختتامی مرحلے میں تمام علماء اور شعراء کی خدمت میں سید عبد المجید تعلیمی و فلاحی ادارے کلیان کی جانب سے مومنٹو پیش کیا گیا۔