۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
مسجد مقدس جمکران

حوزہ/ حضرت امام مہدی علیہ السلام سلسلہ عصمت محمدیہ کی چودہویں اورسلسلہ امامت علویہ کی بارہویں کڑی ہیں۔

تحریر: حجۃ الاسلام والمسلمین سید ذاکر حسین جعفری

حوزہ نیوز ایجنسی | پیعمبر اسلام (ص) نے فرمایا: امام مہدی (عج) کا ظہور آخری زمانہ میں ہوگا ۔اورحضرت عیسی ان کے پیچھے نماز ادا کریں گے۔

اسلامی مؤرخین کے مطابق حضرت امام مہدی (عج) کی ولادت باسعادت ۱۵ شعبان ۲۵۵ ھجری یوم جمعہ بوقت طلوع فجر واقع ہوئی ہے۔

حضرت امام مہدی (عج) كا اسم گرامي محمد اور كنيت ابو القاسم ہے آپ پيغمبر اسلام (ص) كے ہم نام اور ہم كنيت ہيں۔

حضرت ولی عصر (عج) كے اہم القاب میں مھدي ، منتظر ، حجت اللہ، صاحب الامر ، صاحب الزّمان ، قائم آل محمّد ، خاتم الاوصياء ، خلف الصّالح ، منتقم اور بقیة اللہ شامل ہيں ۔

امام زمان (عج) گيارہويں امام حضرت امام حسن عسكري (ع) كے فرزند ہيں اور آپ كي والدہ كا اسم گرامی نرجس ہے۔

حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی پھوپھی جناب حکیمہ خاتون کا بیان ہے کہ ایک روز میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے پاس گئی تو آپ نے فرمایا کہ اے پھوپھی آپ آج ہمارے ہی گھر میں قیام کریں کیونکہ خداوند عالم مجھے آج ایک وارث عطافرمائے گا ۔ میں نے کہاکہ یہ فرزند کس کے بطن سے ہوگا ۔آپ نے فرمایاکہ بطن نرجس سے متولد ہوگا ،جناب حکیمہ نے کہا :بیٹے!میں تونرجس میں حمل کے آثارنہیں پاتی،امام نے فرمایاکہ اے پھوپھی نرجس کی مثال مادر موسی جیسی ہے جس طرح حضرت موسی(ع) کاحمل ولادت سے قبل ظاہرنہیں ہوا ۔اسی طرح میرے فرزند کا حمل بھی بروقت ظاہرہوگا۔

امام حسن عسکری کی پھوپھی نے اس شب وہیں قیام کیا اور صبح کے قریب حجت خدا کی ولادت ہوئی۔

حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام نے بچے کو اپنی گود میں اٹھالیا ، اوراپنی زبان بچے کے منہ میں دے کر فرمایا کہ اے فرزند ! خدا کے حکم سے کچھ بات کرو ،بچے نے قرآن مجید کی اس آیت: " ونریدان نمن علی اللذین استضعفوا فی الارض ونجعلھم الوارثین " کی تلاوت کی ، " ہم چاہتے ہیں کہ احسان کریں ان لوگوں پرجوزمین پر کمزورکردئیے گئے ہیں اور ان کوامام بنائیں اورانھیں کوروئے زمین کاوارث قراردیں" ۔

حضرت امام مہدی علیہ السلام سلسلہ عصمت محمدیہ کی چودہویں اورسلسلہ امامت علویہ کی بارہویں کڑی ہیں۔

آپ اپنے آباء و اجداد کی طرح امام ، منصوص ، معصوم ،اعلم زمانہ اور افضل کائنات ہیں ۔آپ بچپن ہی میں علم وحکمت کے اعلی درجات پر فائز تھے۔ آپ کو پانچ سال کی عمرمیں ویسی ہی حکمت دے دی گئی تھی ،جیسی حضرت یحیی (ع) کو ملی تھی اورآپ بطن مادرمیں اسی طرح امام قراردئیے گئے ،جس طرح حضرت عیسی علیہ السلام نبی قرارپائے تھے۔

پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت امام مہدی (عج) کے بارے میں بیشمار پیشینگوئیاں فرمائی ہیں کہ امام مہدی (عج) آنحضور(ص) کی عترت اورحضرت فاطمة زہرا سلام اللہ علیھا کی اولاد سے ہوں گے۔ آنحضور (ص) نے یہ بھی فرمایاہے کہ امام مہدی (عج) کا ظہورآخری زمانہ میں ہوگا ۔اورحضرت عیسی (ع)ان کے پیچھے نماز ادا کریں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .