حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ۲ مارچ ۲۰۲۴ بمطابق ۲۰ شعبان ۱۴۴۵ ہفتے کی رات میں امام جمعہ تہران آیت اللہ شیخ محمد امامی كاشانی کی رحلت کے موقع پر حجت الاسلام مولانا سید غافر رضوی فلک چھولسی نے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگئی۔
مولانا غافر رضوی نے آیت اللہ کاشانی کی دینی و اسلامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ کاشانی نے اپنی پوری زندگی اسلام و مسلمین کی خدمت میں گزار دی، اس قسم کے افراد کم نظیر ہوتے ہیں.
موصوف نے آیت اللہ امامی سے ملاقات کا منظر پیش کرتے ہوئے بیان کیا کہ آیت اللہ کاشانی چند برس قبل ہندوستان کی سرزمین پر تشریف لائے تھے، اس موقع پر حقیر کو آیت اللہ کاشانی سے خصوصی ملاقات کا شرف حاصل ہوا، آیت اللہ امامی نے مجھے کچھ نصیحتیں فرمائی تھیں جن میں سے اہم نصیحت یہ تھی کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے لیکن آپ کا قلم یا آپ کی زبان کبھی بھی دین کے خلاف نہ چلے.
مولانا غافر رضوی نے مرحوم کی فضیلت کو آشکار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ امامی کاشانِی رہبرِ معظّم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای حفظه اللہ کے خاص معتمدین میں سے تھے، آپ رہبرِ معظّم کی جگہ پر تہران میں نماز جمعہ پڑھایا کرتے تھے اسی لئے لوگ موصوف کو امام جمعہ موقت تہران سے بھی جانتے ہیں.
مولانا نے اپنے بیان میں کہا کہ آیت اللہ امامی کاشاني اسلام و مسلمین کے لئے ایک عظیم سرمایہ تھے جو آج ہمارے درمیان نہیں رہے، ہم خداوند کریم سے مرحوم کی مغفرت کے طلب گار ہیں اور امیدوار ہیں کہ خدا ان کے جیسی مزید عظیم شخصیتیں عطا فرمائے! (آمین)