۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ مجمع علماء و خطباء حیدر آباد ہندوستان کے سربراہ و سرپرست حجۃ الالاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے عید غدیر کی مناسبت سے پیغام میں ولایت علی علیہ السّلام کو نظام ِالٰہی کےلئے اقلیم رشد و ہدایت قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیغام غدیر کا متن مندرجہ ذیل ہے۔

مؤمنین کرام!

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے محمد وآل محمد علیہم السلام کے صدقے میں ہماری حیات مستعار کو ایک بار پھر پورے ایمانی جوش و جذبے کے ساتھ جشن غدیر منانے ،سمجھنے اور سمجھانے کی توفیق عطا فرمائی۔

عزیزان گرامی! جس طرح ہر ملک کا ایک نظام اساسی یعنی دستور و آئین ہوتا ہے جس کے تحت ملک کے مختلف و متعدد شعبہ جات کے زیر اثر نظم و نسق کی بر قراری کے لئے قوانین و ضوابط درج ہوتے ہیں تاکہ ملکی باشندے امن و امان،عدل و انصاف اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ خوشگوار زندگی بسر کر سکیں۔اسی طرح خالق کائنات نے عالم بشریت کی ہدایت کا ذمہ اپنے اوپر لیا ہے تو اس نے ازل سے ابد تک کے لئے اقلیم ہدایت کا دستور و آئین اور نظام ولایت علیؑ کی شکل میں تخلیق فرما کر تمام بنی نوع انسان کے حوالے کر دیا ہے۔جس میں صبح قیامت تک کوئی ردوبدل نہیں کر سکتا۔

جس طرح کسی ملک کا شہری اپنے ملک کے آئین و دستور کو تسلیم نہ کرے تو وہ ملک کا غدار کہلاتا ہے اسی طرح اگر کوئی ولایت علی ؑ کو تسلیم نہ کرے تو وہ منافق،ناصبی یہاں تک کہ حدیث کی روشنی میں شیطان کہا جاتا ہے۔

پیغمبر اسلام ؐ نے میدان غدیر خم میں قریب ایک لاکھ چالیس ہزار حاجیوں کے مجمع میں ارشاد فرمایا تھا ’’ جس کا میں مولا ہوں اس کا یہ علیؑ بھی مولا ہے‘‘پھر اس کی تبلیغی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا تھا ’’ہر حاضر پر لازم ہے کہ اس اعلان کو ہر غائب تک پہونچائے‘‘۔اس تاکیدی جملہ پر غور وفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ رسول خدا نے ایسا تو کسی دوسرے اسلامی احکام کے بارے میں نہیں فرمایا تو اس میں کیا خا ص بات ہے۔

واضح رہے کہ کلام معصوم کو سمجھنے کے لئے معصوم امام یا نائب امام ہی سمجھ سکتا ہے اور سمجھا سکتا ہے۔ویسے اس موقع پر رہبر معظم آیۃ اللہ العظمیٰ آقائے سید علی حسینی خامنہ ای حفظہ اللہ تعالیٰ کا فرمان بھی دلچسپی سے خالی نہ ہو گا آپ نے کیا خوب ارشاد فرما ہے ’’غدیر کا مقصد صرف جانشین مقرر نہیں تھا بلکہ نظام امامت متعارف کروانا تھا‘‘۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم تمام علماء و طلاب و مراجع عظام و مومنین کرام بالخصوص حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں عید غدیر کی مبارکباد اور تہنیت پیش کرتے ہوئے امام زمانہ ؑ کے جلد ظہور کی دعاء کرتے ہیں۔فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

نیک خواہشات کے ساتھ؛ بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .