حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور(اعظم گڑھ)ہندوستان/ مقامات مقدسہ کی زیارت دین اسلام میں ایک نہایت پسندیدہ عملی عبادت ہے جس کی قرآن و احادیث میں نہایت تاکید اور تائید وارد ہوئی ہے۔تاریخ کے طولانی ادوار میں کوئی دور ایسا نہیں گزرا ہے جب ائمہ معصومین بالخصوص شہدائے کربلا کی زیارت کرنے والوں سے عتبات عالیات خالی رہے ہوں ۔بلکہ تاریخ گواہ ہے کہ ظالم و جابر و مہلک و ستمگر حکمرانوں کے خون آشام و پرآشوب دور میں بھی طرح طرح کی پابندیوں کے باوجود مومنین کرام نے جان،مال اور اولاد کی ہرممکن قربانی دے کر بھی زیارت کا اجر و ثواب حاصل کرنے میں کوئی سستی یا کوتا ہی نہیں کی۔
ان خیالا ت کا اظہار حجۃ الاسلام مولانا شیخ کرار حسین اظہری قمی مبارکپوری استاد مدرسہ باب العلم مبارکپور نے عراق ،شام اور ایران کے مقامات مقدسہ کی زیارت کی غرض سے آج اپنے وطن سے روانگی کے موقع پر ہمارے نمائندہ سے بات چیت کے دوران کیا۔
حجۃ الاسلام مولانا شیخ کرار حسین اظہری قمی مبارکپوری نے مزید فرمایا کہ زیارت کے آثار و فوائد میں سے ایک مہم ترین اثر ثواب فراوان ہے جس کو روایات میں بیان کیا گیا ہے خاص کر زیارت سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا بہت زیادہ ثواب بیان ہوا ہے۔ امام علیہ السلام کی زیارت کے چند آثار یہ ہیں:۔
1۔ زائر کے دنیاوی واخروی حاجات پوری ہوتی ہیں۔
2۔ زائرین کے گناہ معاف و بخش دیۓ جاتے ہیں۔
3۔ زائرین کے رزق میں اضافہ ہوتا ہے۔
4۔ ایام زیارت امام کو انسان کی عمر میں حساب نہیں کیا جاتا ہے ۔
5۔ زائرین امام عالی مقام کو جوار پیامبر صلی اللہ علیہ والہ وسلم و اہل بیت جگہ ملتی ہے۔
6۔ زائرین امام سب سے پہلے جنت میں داخل ہونگے۔( جوادی آملی ، فلسفہ زیارت و آئین آن ، ص 139)
حجۃ الاسلام مولانا شیخ کرار حسین اظہری قمی مبارکپوری استاد مدرسہ باب العلم مبارکپورکو رخصت کرنے اور امام ضامن باندھنے کی غرض سے حجۃ الاسلام مولانا شیخ ابن حسن املوی واعظ بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو،مبارکپور ضلع اعظم گڑھ (اتر پردیش) ہندوستان نے ان کی رہائش گاہ پر پہونچ کر ملاقات کی اور امام ضامن بھی باندھا۔اس موقع پر انجمن انصار حسینی رجسٹرڈ مبارکپو رکے ممبران نے زیارت کے موضوع پر بہترین نظم خوانی کی۔
قصبہ مبارکپور سے حجۃ الاسلام مولانا شیخ کرار حسین اظہری قمی مبارکپوری اور ان کی اہلیہ محترمہ سمیت 13 مردوزن مہدی ٹور اینڈ ٹراول پورہ معروف ضلع مئو کے کاروان کے ہمراہ زیارت کے سفر پرآج اپنے وطن سے روانہ ہوئے ہیں ۔
مولانا شیخ محمد مہدی معروفی مالک مہدی ٹور ایند ٹراول پورہ معروف ضلع مئو نے ہمارے نمائندہ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بتایا کہ مبارکپور ضلع اعظم گڑھ اور جلال پور ضلع امبیڈکر نگر وغیرہ سے تعلق رکھنے والے کل 55مومنین و مومنات ہمارے اس قافلہ میں شامل ہیں جو ان شاء اللہ عراق و شام و ایران کی بالترتیب مقامات مقدسہ کی زیارت سے شرفیاب اور مثاب ہوں گے۔