حوزہ نیوز ایجنسی گرگان سے نامہ نگار کے مطابق، حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام اور شہداء کربلا کے ایام عزا کے آغاز کے ساتھ ایران کے صوبہ گرگان کے ملازمین کے ساتھ ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔
اس نشست میں حوزہ علمیہ خواہران گلستان کی مدیر محترمہ سیدہ نفیسہ حسینی واعظ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: صرف حضرت مہدی (عجل) کا مقدس وجود ہی "منتقمِ حسین (ع)" کے لقب کے لائق ہے۔
انہوں نے کہا: دعای ندبہ کی عظیم دعا میں بھی یہ جملہ ارشاد کیا گیا ہے کہ "أٔین الطالب بدم المقتول بکربلاء" یعنی مقتول کربلا کے خون کا بدلہ لینے والا کہاں ہے؟۔ یہ ان موضوعات میں سے ہے کہ جس کی طرف "حدیثِ قدسی" میں اشارہ کیا گیا ہے۔
محترمہ حسینی واعظ نے کہا: حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سیرت اور اخلاق (خَلق و خُلق) میں اپنے جدّ امام حسین علیہ السلام کے مشابہہ ہیں۔ وہ اپنے جدّ امام حسین علیہ السلام کی طرح علم، قدرت، شجاعت، ظالموں اور جابروں کی بیعت نہ کرنے میں اور پوری دنیا میں حق و انصاف کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔
حوزہ علمیہ خواہران گلستان کی مدیر نے کہا: اگر ہم اس وقت امام حسین علیہ السلام اور امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی نصرت کرنا چاہتے ہیں تو سب سے بہتر یہ ہے کہ اپنی زندگی میں ان دو عظیم اماموں کی یاد اور سیرت کو زندہ رکھیں اور ان کی اطاعت کریں۔