حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ الحدیدہ میں صیہونی حکومت کی جارحیت اور اس صوبے میں شہری مراکز کو نشانہ بنانے کے ردعمل میں انصار اللہ یمن کے سیاسی بیورو کے رکن علی القحوم نے کہا: ہم صیہونیوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ یمنیوں کا بھیانک ردعمل آنے والا ہے اور تم یمنیوں کے ردعمل اور عذاب سے بچ نہیں پاؤگے۔
علی القحوم نے مزید کہا: ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہماری جوابی کاروائی اور ہمارا رد عمل بالکل دشمن کے حملے کی طرح ہوگی، ہم جیسے کو تیسا جواب دیں گے، اور یہی جنگ کا قانون ہے، اس سے جنگ اور تصادم میں اضافہ ہوگا جس کا نتیجہ دشمنوں کے لیے بھیانک ہوگا۔
انصار اللہ یمن کے سیاسی بیورو کے رکن نے اسرائیلیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: جہاں سے آئے ہو وہیں واپس چلے جاؤ، تمہارے لئے بس ایک یہی آپشن باقی بچا ہے، یا اپنی پناہ گاہوں میں چھپے رہو، لیکن یاد رکھو کہ امریکی حمایت سے بھی تمہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا: یمن کی خودمختاری پر سوال اٹھانے والے اور یمنیوں پر حملہ کرنے والے ہاتھ کاٹ دیے جائیں گے۔
القحوم نے تاکید کرتے ہوئے کہا: ایک طویل جنگ شروع ہونے والی ہے، صیہونیوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، انہیں ہمارے سخت ترین حملوں کو جھیلنا پڑے گا، دشمن جان لے کہ یمنیوں کے ہاتھ ٹریگر پر ہیں۔