۱۸ شهریور ۱۴۰۳ |۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 8, 2024
تفکر

حوزہ/ آپ کی عادات آپ کا مستقبل ہیں۔ عادات بدلیں گی تو مستقبل بدلے گا۔

تحریر: مزمل حسین علیمی آسامی

حوزہ نیوز ایجنسی| آپ کی عادات آپ کا مستقبل ہیں۔ عادات بدلیں گی تو مستقبل بدلے گا۔

کسی دانشور نے کہا تھا کہ”دنیا کا کوئی انسان اپنا مستقبل نہیں بدل سکتا، لیکن اپنی عادات ضرور بدل سکتا ہے، پھر وہی عادات اس کا مستقبل بدل دیتی ہیں۔“ یقین مانیں آپ کا مستقبل آپ کی عادتوں پر منحصر ہے، اگر عادات اچھی ہیں تو مستقبل بھی ضرور اچھا ہوگا۔ اچھی عادتیں ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ بہترین عادات و اطوار ہماری شخصیت کو پرکشش بناتے ہیں، اور دنیوی و اخروی زندگی میں ہماری فوز و فلاح میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اچھی عادات کامیابی کے مواقع ہموار کرتی ہیں، پھر وہ کامیابی ہماری شناخت بنتی ہیں۔ ہم روزمرہ کی زندگی میں اچھی عادتوں کو شامل کرکے ایک کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔

اس دنیائے فانی میں جن لوگوں کو کامیابی ملی ہے، وہ سب اچھی عادات کے مالک تھے، چونکہ انہیں یہ شعور آچکا تھا کہ اچھی عادات کامیابی کی راہیں آسان کرتی ہیں۔ اس دنیا میں مفت میں ملنے والی چیز نصیحت ہے، ہماری روزمرہ کی زندگی میں عادات کو بہتر بنانے کے متعلق ہمیں نصیحتیں ملتی رہتی ہیں، لیکن المیہ یہ ہے کہ مفت میں ملنے والی چیزوں کی ہم قدر نہیں کرتے، اور عمل کے لیے ہم اسے لائق اعتنا نہیں سمجھتے۔ اچھے انسان کی اچھی نصیحتوں کی قدر بہت ضروری ہے۔

انسان کو جس کام کی عادت ہو جاتی ہے، پھر انسان اس کام کو بغیر کسی رکاوٹ اور تکلف کے تسلسل سے کیے جاتا ہے۔ مفہومِ حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی کے ہاں پابندی سے کیے جانے والے اعمال محبوب ترین ہوتے ہیں، چاہے ان کی مقدار کم ہی کیوں نہ ہو۔ (بخاری 5861) اس لیے کم ہی مقدار کیوں نہ ہو اپنی عادات کو بہتر بنانے میں تسلسل اور پابندی کے ساتھ کوششیں کرتے رہیں۔ یاد رکھیں! ہماری اندر کی چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں آگے چل کر بڑا فرق پیدا کرتی ہیں۔ زندگی بہت مختصر ہے۔ آئیے ہم عہد کریں کہ ان شاء اللہ تعالیٰ اس مختصر سی زندگی میں بہترین عادات و اطوار کو شامل کرکے ایک مثالی زندگی گزاریں گے اور اپنے رب کا شکر گزار بندہ بن جائیں گے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .