۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

حوزہ/ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر نے اپنے ایک بیان میں پاراچنار،  کرم ایجنسی کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرم ایجنسی کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ اس وقت تک پارہ چنار میں 40 سے زائد افراد بلاوجہ لقمہ اجل بن چکے ہیں اور سینکٹروں زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: ضلع کرم میں وہ قوتیں فتنہ کھڑا کر رہی ہیں جنہیں امن کی نہیں جنگ کی ضرورت ہے۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر نے کہا: کرم ایجنسی میں امن پسند اور محب وطن لوگ بستے ہیں۔ یہ حالات انتہائی تشویش ناک اور محب وطن قوتوں کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ ملک اس طرح کی کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ حالات انتشار، انارکی اور دہشت گردی کا روپ دھار سکتے ہیں۔ اگر اس کو نہ روکا گیا تو اس آگ کو بجھانا حکمرانوں کے لیے ناممکن ہو جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا: ہم صوبائی اور وفاقی حکومتوں اور تمام سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پارہ چنار میں جنگ بندی کیلئے سنجیدہ کوشش کریں اور ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت امن و امان کو بحال کیا جائے اور اس آگ کو پورے ملک میں پھیلنے سے روکا جائے چونکہ پورے ملک میں اس جنگ کی وجہ سے انتہائی بے چینی پائی جاتی ہے۔ امید ہے ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرزعوام کی اس بے چینی کو سمجھتے ہوئے موثر اقدامات کریں گے۔

ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے آخر میں کہا: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کرم ایجنسی میں پھیلے ہوئے ان فسادات کے خاتمے کے لیے مؤثر مصالحانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .