۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
اربعین

حوزہ/ انجمن ہلال احمر ایران نے عراق میں شدید گرمی کے پیش نظر زائرین کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اربعین حسینی کی مناسبت سے دنیا بھر، خصوصاً ایران، سے عاشقانِ امام حسین علیہ السلام کربلا کی طرف رواں دواں ہیں۔ عراق میں اگست کے مہینے میں شدید گرمی کی شدت ہوتی ہے، اس کے پیش نظر انجمن ہلال احمر ایران نے زائرین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

انجمن ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلال احمر ایران نے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی ایران کے مختلف شہروں، سرحدی علاقوں اور عراق میں مختلف مقامات پر زائرین کے لیے طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انجمن نے ایران-عراق سرحد اور عراقی شہروں میں 2200 طبی مراکز قائم کیے ہیں، جہاں 8 ہزار سے زائد افراد اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 213 ایمبولینس گاڑیاں اور 300 ٹن سے زائد مختلف ادویات ان طبی مراکز میں پہنچا دی گئی ہیں۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عراق کے مختلف شہروں میں شدید گرمی ہے اور دن کے وقت درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ کر 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتی ہے، لہذا زائرین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ دن کے گیارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک دھوپ میں باہر نکلنے سے حتی الامکان گریز کریں۔

ہلال احمر نے مزید مشورہ دیا ہے کہ دن کے وقت پیدل چلتے ہوئے ہلکے کپڑے پہنیں، دھوپ سے بچاؤ کے لیے چشمے اور چھتری کا استعمال کریں۔ فاسٹ فوڈ کے بجائے ٹھنڈے مشروبات اور پھلوں کا زیادہ استعمال کریں تاکہ صحت بہتر رہے اور گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .