حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیتالله العظمی جعفر سبحانی نے مقاومت کے عظیم رہنما اور عالم و فاضل سید حسن نصراللہ کی مظلومانہ شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید مقاومت کے مکتب کے تربیت یافتہ افراد دشمن کی جڑیں کاٹ ڈالیں گے۔
تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
"انا لله و انا الیه راجعون"
مظلومانہ شہادت، مقاومت کی علامت، بافضیلت عالم اور قدس و مظلوم فلسطینیوں کے مدافع کی شہادت نے اسلامی دنیا کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
یہ وہ عظیم شخصیت تھے جنہوں نے اپنی تمام توانائیوں کے ساتھ مسلمانوں کے حقوق اور اسلامی سرزمینوں کے دفاع کے لیے قیام کیا اور اپنی 30 سالہ حکیمانہ قیادت کے دوران مقاومت کو عملی جامہ پہنایا۔ شہادت اور مقاومت کا درخت، جو ظالموں کے مقابلے میں کھڑا ہوتا ہے، کبھی خشک نہیں ہوگا بلکہ روز بروز مضبوط اور زیادہ ثمرآور ہوتا جائے گا۔
کمزور دشمن یہ خیال کرتا ہے کہ ایسی عظیم شخصیات کو اگر قتل کر دیا تو مقاومت کا پرچم زمین پر گر جائے گا، لیکن سید حسن نصراللہ کے مکتب کے عظیم اور تربیت یافتہ افراد اس پرچم کو اٹھا کر دشمن کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے اور اس خطے سے فساد کی جڑوں کو ختم کر دیں گے۔
میں سید مقاومت اور ان کے اہل خانہ کی شہادت پر حضرت ولیعصر (عج)، سید حسن نصراللہ کے معزز خاندان، لبنان کے معزز اور شجاع عوام اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔ میں اس عظیم شہید کی روح کے لیے بلندی درجات اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور اجر عظیم کی دعا کرتا ہوں۔
جعفر سبحانی
قم المقدسہ