۲۷ مهر ۱۴۰۳ |۱۴ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Oct 18, 2024
راجہ ناصر

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایک سال سے جاری غاصب اسرائیل کی فلسطینی قوم پر جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل کو ایک سال کی جارحیت کے نتیجے میں ناکامی و ندامت کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک سال سے جاری اسرائیل کے وحشیانہ مظالم بھی حماس کے حملے نہ روک سکے، غاصب صہیونی ریاست اپنی تمام تر سفاکیت کے باوجود غزہ کی نہتی عوام پر غلبہ نہ پا سکی، دنیا کے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس اسرائیلی فوج سال بھر ہسپتالوں، سکولوں، رہائشی عمارتوں اور مساجد سے لڑتی رہی ہے، خوراک کے حصول کیلئے جمع ہونے والے معصوم بچوں پر بے تحاشہ بارود کی بارش کی گئی، بے گھر کھلے آسمان تلے پڑے اور زخموں سے چور عوام پر درندگی کی انتہاء کی گئی اور سر عام قتل عام کیا گیا، لیکن ناکامی و ندامت کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا، فلسطینی عوام ثابت قدمی کے ساتھ اسرائیل اور امریکہ کی بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطین اور لبنان کے غیور مسلمان بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم دل و جان سے اپنے غزہ و لبنان کے مظلومین مگر شجاع عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے اظہار یکجہتی وہمدردی کرتے ہیں، شہداء فلسطین اور لبنان کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اسرائیل کی کھلی جارحیت امریکہ و مغرب کی کھلم کھلا حمایت کی بدولت ہے اور مسلم دنیا کے لیئے باعث عبرت و شرمندگی ہے، شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید اسماعیل ہنیہ کی عظیم شہادت اسرائیلی نابودی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی، اسرائیل غزہ و لبنان کی نہتی عوام پر اپنے مظالم جاری رکھ کر اپنی ایک سالہ ہزیمت و رسوائی کو چھپانا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے جنگی جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکے گا اور غزہ کے مظلومین کا بدلہ لبنان کی سرزمین پر دے گا۔ ان شاءاللہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .