۱۶ آبان ۱۴۰۳ |۴ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 6, 2024
لبنان کی مظلوم عوام کے لئے حرم امام رضا (ع) کی اعزازی خادمہ کا سونا اور گاڑی عطیہ

حوزہ/ تہران سے تعلق رکھنے والی حرم امام رضا(ع) کی ایک اعزازی خادمہ نے آستان قدس رضوی کے فلاحی مرکزمیں حاضر ہو کر اپنی گاڑی اور سونے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو لبنان کی مزاحمتی اور مظلوم عوام کے لئے عطیہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی جانب سے لبنان کی جنگ زدہ عوام کو امداد فراہم کرنے کے حکم کے بعد تہران سے تعلق رکھنے والی حرم امام رضا(ع) کی اعزازی خادمہ محترمہ زہرا مصلحی نے رہبر کے اس فرمان پر لبیک کہتے ہوئے اپنا سونا اور گاڑی فروخت کردی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو لبنان کی جنگ زدہ عوام کے لئے عطیہ کر دیا۔

حرم امام رضا (ع) کی اس اعزازی خادمہ نے آستان قدس رضوی کے فلاحی مرکز میں رقم عطیہ کرتے وقت کہا کہ پیغمبر گرامی اسلام (ص) کا ارشاد ہے :’’ اگر کوئی مسلمان اپنے اوپر ہونے والے ظلم اور نا انصافی کی وجہ سے فریاد کرے تو ہر وہ مسلمان جو اس کی آواز سنے لیکن لا تعلق رہے وہ مسلمان نہیں ہے ‘‘اس وقت صیہونیوں نے غزہ اور لبنان پر حملہ کیا ہے اور مسلمانوں پر ان علاقوں میں ظلم کیا جا رہا ہے وہ اپنی اور اپنے بچوں کی جانیں گنوا رہے ہیں اور چیخ چیخ کر مسلمانوں کو مدد کے لئے پکار رہے ہیں، اس لئے تمام امت مسلمہ پر فرض ہے کہ وہ اپنی استطاعت اور طاقت کے مطابق ان کی مدد کریں۔

انہوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی جانب سے لبنانی عوام کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے رہبر کے اس فرمان کے بعداپنے آُپ سے کہا کہ مجھے بھی مدد میں حصہ لینا چاہئے اس لئے میں ان مظلوموں کی مدد کے لئے اپنا سونا اور گاڑی بیچ دی ۔

انہوں نے اپنے عطیات حرم امام رضا (ع) میں جمع کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس مقدس بارگاہ سے بہتر اور کون سی جگہ ہو سکتی ہے ہم سب امام رضا(ع) کی رأفت کےسائے میں ہیں،میں نے یہ سوچا کہ اگر حرم امام رضا(ع) کے ذریعہ یہ عطیات لبنانی عوام تک پہنچیں گے تو ان میں خیر و برکت زیادہ ہو گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .