حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر کے مطابق، حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے آج صدر مملکت ایران کے معاون اور ادارۂ "بنیاد شہید و امور ایثارگران" کے سربراہ سعید اوحدی اور نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین موسوی مقدم سے قم میں اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہا: ہماری سب سے اہم ذمہ داری یہ ہے کہ ہم معاشرے کی ایمانی، انقلابی اور اقداری شناخت کی حفاظت کریں اور یہ وہ سب سے اہم کام ہے جو ہم ایمانی شناخت کو مستحکم اور محفوظ بنا کر انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: شہداء کے خاندان کے روحانی اور عاطفی پہلوؤں کا خیال رکھنا انتہائی اہم ہے۔ یہ طبقہ اس حوالے سے مناسب حمایت کا مستحق ہے اور انہیں معاشرے میں تکریم محسوس ہونی چاہیے اور یہ ہم سب کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
حوزہ علمیہ کے سربراہ نے کہا: اسی طرح ایک اہم مسئلہ عوامی معاشی مشکلات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ امام خمینی (رح) نے بھی اس پر زور دیا تھا اور حکومتیں بھی تاحد الامکان اس پر توجہ دیتی رہی ہیں۔
آیت اللہ علی رضا اعرافی نے مزید کہا: خدمت کی عظمت اس میں ہے کہ ہم جانیں کہ کس کی خدمت کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے آپ کا اقدام سب سے اولویت رکھتا ہے چونکہ آپ ان لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی جان اور سب کچھ قربان کیا، اور ان کی یہ قربانی عظیم مقاصد کے لیے تھی۔