۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ شبیر حسن میثمی

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دنیا کے تمام مسلمانوں کی ایک مشترکہ آواز ہے کہ "فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے، بیت المقدس قبلہ اول ہے اور ہر مسلمان کے لیے جان سے زیادہ عزیز ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد سندھ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے حیدرآباد سندھ کا دورہ کیا اور صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ ابوالخبیر زبیر اور جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے منعقدہ عظیم الشان حمایت مظلومین ریلی میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مسلمانوں کی ایک مشترکہ آواز ہے کہ "فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے، بیت المقدس قبلہ اول ہے اور ہر مسلمان کے لیے جان سے زیادہ عزیز ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ ریلیاں نکال کر پوری امت کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں جہاں ظلم ہو رہا ہے، ہم ان ظالموں اور غاصب صیہونی ریاستوں کے شدید مخالف ہیں اور دنیا بھر کے مظلومین کے حامی و مددگار ہیں۔

علامہ میثمی نے کہا کہ اسلامی نظام کی دن بدن کامیابی اور غاصب صیہونی ریاست کی ناکامی درحقیقت مجاہدین اسلام کا اللہ تعالیٰ پر مکمل توکل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کو ناکام بنانا اللہ والوں کی قوت ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ظالم تھک چکا ہے جبکہ مجاہدین میدان عمل میں ثابت قدم ہیں۔

آخر میں، علامہ میثمی نے ریلی کے انعقاد پر صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابوالخبیر زبیر اور جمعیت علماء پاکستان کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ محمد علی جروار، سید معظم شاہ، ڈویژن صدر سید عمران شاہ، ڈویژن سیکرٹری محمد علی شاکر، ضلعی صدر مولانا حزب اللہ بھٹو، سیکرٹری نوید علی چانڈیو اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .