حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ مسجد بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی علامہ شبیر میثمی نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مظلومین کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کی سازشیں جاری ہیں، جن کا مقابلہ تقویٰ، اتحاد اور بصیرت کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کے ایمان کا امتحان ہے۔
عالمی سیاست کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتیں مسلم ممالک کو اندرونی خلفشار میں مبتلا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ ان کی قوت کمزور ہو جائے۔ انہوں نے مسلم قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس صورتحال میں بصیرت سے کام لیں اور اپنے فیصلے قرآن و سنت کی روشنی میں کریں۔
علامہ شبیر میثمی نے رہبر انقلاب اسلامی آیت العظمیٰ خامنہ ائ کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مظلومین کی حمایت اور حق کی آواز بلند کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔
آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم، کردار سازی اور اخلاقیات پر توجہ دیں تاکہ امت مسلمہ کو ایک روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ خطبے کے اختتام پر انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلومین کی نصرت کے لیے خصوصی دعا کی۔
آپ کا تبصرہ