حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزہ علمیہ قزوین، حجت الاسلام والمسلمین اصغر عرفانی نے کہا کہ 9 دی کا تاریخی اجتماع ثقافت عاشورائی سے متاثر ہے، جس نے دنیا کو اپنی مرضی کے آگے جھکنے پر مجبور کیا اور منافقین و دشمنان ایران کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے 9 دی کے اجتماع کی یاد میں منعقدہ تقریب کے دوران حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنے بازوں کی جانب سے امام حسین علیہ السلام کی توہین ایک ایسا عمل تھا جسے ایرانی قوم برداشت نہیں کر سکتی تھی، عوام نے عظیم الشان ریلی کے ذریعے میدان میں آکر فتنے اور فتنہ بازوں کا خاتمہ کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین عرفانی نے مزید کہا کہ اس اس اجتماع نے دشمنوں کو یہ پیغام دیا کہ ایرانی قوم ولایت اور انقلاب اسلامی کے ساتھ اپنی گہری بصیرت اور وفاداری رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے ثابت کیا کہ وہ امام حسین علیہ السلام، ولایت اور قیادت کے حوالے سے کسی قسم کی رعایت یا سمجھوتہ نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 دی کے تاریخی اجتماع نے نہ صرف آٹھ ماہ کے فتنے اور شورش کو ختم کیا بلکہ انقلاب کو مستقبل کے ممکنہ حادثات کے خلاف محفوظ بنا دیا۔
حوزہ علمیہ قزوین کی سپریم کونسل کے سربراہ نے کہا کہ اس سال جب ہم 9 دی کے تاریخی اجتماع کی 15ویں سالگرہ منا رہے ہیں، تو فتنے پیدا کرنے والے جو آزادی اور انسانی حقوق کے دعویدار ہیں، نہ صرف فلسطینی عوام کے حقوق کو نظر انداز کر رہے ہیں بلکہ صیہونی حکومت کی مال، اسلحہ اور میڈیا کے ذریعے حمایت کرتے ہوئے ہزاروں بے گناہ فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتل عام میں ملوث ہو چکے ہیں۔
آخر میں، انہوں نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ، شہدائے انقلاب، دفاع مقدس، مدافعان حرم، اور شہدائے مقاومت کو یاد کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انقلاب اسلامی کو عزت، سربلندی، اور اقتدار عطا فرمائے اور رہبر انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی رہنمائی میں یہ نظام کامیابی سے آگے بڑھے۔
واضح رہے کہ 9 دی (30 دسمبر) ایران میں ایک تاریخی دن ہے جسے "حماسہ 9 دی" کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ دن 2009 میں ایران میں ہونے والے "سبز انقلاب" یا "فتنہ 2009" کے بعد عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر حمایت کا مظاہرہ تھا، جس میں عوام نے اسلامی نظام اور رہبر معظم کی حمایت کا اعلان کیا۔
9 دی کا دن اس بات کی علامت بن گیا کہ ایرانی عوام نے اپنی اسلامی جمہوریت اور رہبر انقلاب کی حمایت میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اس دن کو نہ صرف ایران میں، بلکہ عالمی سطح پر بھی عاشورائی ثقافت کے اثرات کی ایک جیتی جاگتی مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جو افراد کو ظلم کے خلاف اٹھنے اور سچائی کی حمایت کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
آپ کا تبصرہ