جمعہ 3 جنوری 2025 - 20:30
امام علی نقی (ع) کی سیرت آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ اور نمونہ عمل ہے

حوزہ/ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: حضرت امام علی نقی الہادی علیہ السلام نے انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی فرمائی۔ امام علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرکے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 رجب المرجب، امام علی نقی الہادی علیہ السلام کے روزِ شہادت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: جب ہم کسی بھی امام کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ائمہ طاہرین علیہم السلام نے لوگوں کو دین اسلام کی حقانیت سے روشناس کرانے کے لئے تمام تر مشکلات اور مصائب برداشت کر کے اپنی زندگیوں کو خدمت دین کے لئے وقف کیا اور اس راستے میں اپنی جان تک کے نذرانے پیش کئے۔

انہوں نے کہا: امام علی نقی الہادی علیہ السلام نے انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی فرمائی وہاں اجتماعی طرز زندگی اور حکمرانی جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا۔ اسی لئے آپ علیہ السلام کی سیرت آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ اور نمونہ عمل ہے۔

علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: حضرت امام علی نقی علیہ السلام منصبِ امامت پر فائز ہوکر قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعہ اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی جس کے اثرات امام ہادی کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد سچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔

انہوں نے دین حق کی سربلندی اور انسانیت کی فلاح و نجات کے لئے قید و بند کی سختیاں برداشت کیں لیکن اپنے پاکیزہ ہدف و مشن سے پیچھے نہ ہٹے۔اپنے جد امجد پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک حدیث "ایمان دل میں ہوتا ہے اور اعمال اس کی تصدیق کرتے ہیں" جبکہ "اسلام زبان سے اقرار کا نام ہے" دین اسلام کی باریکیوں کو سب پر آشکار کر کے اصلاح نفس کی تعلیم عام کی۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: دور حاضر میں دنیائے انسانیت کو بالعموم اور عالم اسلام کو بالخصوص جن بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے اور انسانی معاشرے جس گراوٹ کا شکار ہو چکے ہیں اس میں انسانوں کو ہدایت اور روحانیت کی ضرورت ہے جو انہیں حضرت امام علی نقی علیہ السلام کی سیرت کا مطالعہ کر کے اور اس پر عمل کر کے حاصل ہو سکتی ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم امام علیہ السلام کی سیرت پر عمل کر کے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور حقیقی اسلامی و جمہوری سسٹم رائج کر کے عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں اور اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha