حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے مشہد مقدس میں واقع ہوٹل ولایت میں منعقدہ ائمہ جمعہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کو یمن کی جنگ پر روانہ کرتے وقت اس ملک کی تمدنی اور اقتصادی حیثیت کے پیش نظر فرمایا: "اے علی! کسی سے جنگ نہ کرو جب تک کہ اسے دعوت نہ دو اور قسم ہے خدا کی! اگر خدا تمہارے ذریعہ کسی کو ہدایت دے، تو یہ تمہارے لیے ان تمام چیزوں سے بہتر ہے جن پر سورج روشنی ڈالتا ہے اور تمہیں اس پر ولایت حاصل ہو گی۔"
انہوں نے مزید کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فرمان کی روشنی میں اس اقدام کا مقصد نہ تو زمین کی توسیع تھا اور نہ ہی اسلامی حکومت کا دائرہ بڑھانا، بلکہ مقصد انسان سازی، ارشاد، اور عوام کی ہدایت تھا۔ یہ نظریہ تمام سماجی اور خاص منصوبوں کا محور ہے، جنہیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جانشینوں کے ذریعے نافذ کیا جانا چاہیے۔
خراسان رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندے نے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دعاکرتے ہوئے فرمایا: "اے خدا! میرے جانشینوں پر رحم فرما" اور یہ بات تین مرتبہ کہی۔ صحابہ نے پوچھا: اے اللہ کے رسول، آپ کے جانشین کون ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "وہ لوگ جو میرے بعد آئیں گے، میری حدیث اور سنت کو بیان کریں گے اور اسے لوگوں کو سکھائیں گے۔"
آیت اللہ علم الہدیٰ نے کہا: جو لوگ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشن کو انجام دینا چاہتے ہیں، ان کے لیے سب سے بڑی ذمہ داری لوگوں کی ہدایت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: انقلاب اسلامی سے پہلے کی مساجد بھی عوام کی ہدایت کے مراکز اور فعالیت کی بنیاد تھیں۔ مسجد کی امامت ایک مکمل ٹائم پر مشتمل کام ہے اور جو شخص اس کے ذریعہ دین کی ترویج اور عوام کو خدا اور تقویٰ کی طرف مائل کرنا چاہے، اسے اس ذمہ داری کے تمام پہلوؤں پر توجہ دینی ہو گی۔
آپ کا تبصرہ