حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی نے حماس کے متعدد عسکری کمانڈروں، خصوصاً القسام بریگیڈز کے سربراہ شہید محمد الضیف (ابوخالد) کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں جہاد اسلامی نے فلسطینی عوام، عرب و اسلامی اقوام اور دنیا کے حریت پسندوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید محمد الضیف وہ عظیم مجاہد تھے جنہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو "طوفان الاقصی" آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات میں جب کہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل جاری ہے اور قابض قوتوں پر دباؤ ڈال کر سینکڑوں فلسطینی اسیروں کی رہائی ممکن بنائی جا رہی ہے، ایسے میں میدان کے کمانڈروں کی شہادت دشمن اور اس کے امریکی و مغربی حامیوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ یہ قربانیاں مجاہدین کے عزم و حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ یہی وہ حقیقت ہے جو اسرائیل کو اس کے توہمات سے باہر نکالنے اور اس کی وحشیانہ جارحیت کو روکنے پر مجبور کر رہی ہے۔
جہاد اسلامی نے حماس کی قیادت، کارکنان، مجاہدین اور حامیوں کو ان کے بہادر کمانڈروں کی شہادت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ حماس اور تمام مزاحمتی قوتوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بیان میں اس بات کی بھی تاکید کی گئی کہ فلسطینی عوام اور مزاحمتی قوتیں شہداء کے خون کی حفاظت کریں گی اور اس راستے پر گامزن رہیں گی جو انہی قربانیوں کے نور سے روشن ہے، کیونکہ یہی راستہ کامیابی اور فتح کا راستہ ہے، ان شاء اللہ۔
آپ کا تبصرہ