بدھ 19 فروری 2025 - 21:12
انقلابِ اسلامی ایران کا کمال!

حوزہ/جب سن انیس سو اٹھہتر میں انقلابِ اسلامی ایران کامیاب ہوا تو سامراج کے ہاتھ کے طوطے اڑ گئے اور امریکہ واسرائیل کے پیروں تلے زمین کھسکتے دکھائی دی، یہ انقلاب خالص شیعہ آیڈیالوجیکل انقلاب تھا اور بانی انقلاب آیت اللہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا تھا: انقلاب ما انفجار نور بود۔ ہمارا انقلاب نور کا ایک جھماکہ تھا۔

تحریر: مولانا سید مشاہد عالم رضوی لکھنؤ

حوزہ نیوز ایجنسی | جب سن انیس سو اٹھہتر میں انقلابِ اسلامی ایران کامیاب ہوا تو سامراج کے ہاتھ کے طوطے اڑ گئے اور امریکہ واسرائیل کے پیروں تلے زمین کھسکتے دکھائی دی، یہ انقلاب خالص شیعہ آیڈیالوجیکل انقلاب تھا اور بانی انقلاب آیت اللہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا تھا: انقلاب ما انفجار نور بود۔ ہمارا انقلاب نور کا ایک جھماکہ تھا۔

انقلابِ اسلامی نے دنیا کے تمام دبے کچلے ہوئے ستم کے ماروں کو سہارا دیا، لیکن وقت کے سپر پاورز کو بڑی گھبراہٹ ہوئی، انہوں نے انقلابِ اسلامی کو کچلنے کے لیے ہر طرح کی طاقت جھونک دی، پروپیگنڈا شروع کیا، پہلے شیعہ سنی مناظرہ میں پھنسایا گیا، تاکہ مسلمانوں کے سامنے ایک خیالی دشمن کھڑا کیا جاسکے، البتہ یہ سازش مکمل ناکام بھی نہیں رہی، بہت سے لوگوں نے اس کا اثر بھی لیا، مگر وہی بات عدو شود سبب خیر گر خدا خواھد.

مسلمانوں کے پڑھے لکھے طبقے نے اس کو ناکام بنادیا اور حضرت امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو اپنا سیاسی لیڈر، بلکہ روحانی قائد تسلیم کیا، جس کی وجہ سے نفاق کے ماروں کے سینے پر سانپ لوٹنے لگا اور وہ بہت جلد امریکہ کی گودی میں جا بیٹھے اور اس کے ہمنوا ہوگئے؛ اس انقلاب کو مٹانے کے لیے سازوں کے جال بچھائے گئے، جسے دیکھ کر کہنا تو یہی پڑتا ہے کہ اگر یہ انقلاب باقی رہ گیا تو یہ کسی معجزے سے کم نہ تھا، کیونکہ غیروں کے علاوہ اپنوں نے بھی اسے ختم کرنے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مگر جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے؟

انقلابِ اسلامی کے زخم خوردہ امریکہ نوازوں نے بنی صدر جیسے منافقین کو حکومت میں جگہ دلائی، انقلابِ اسلامی کے عظیم سپوتوں کی شہادتیں ہوئیں، مگر حکومت اسلامی ایران پر عنایت الہٰی تھی چنانچہ رہبر کبیر انقلابِ ایران امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی سوجھ بوجھ کی وجہ سے حکومت اسلامی اور زیادہ مقتدر ہوگئی، پھر انقلابِ اسلامی ایران کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لئے صدام جیسے ڈکٹیٹر کو چڑھایا گیا، تاکہ وہ ایران پر حملہ کرے اور انقلاب کا کام تمام کر دے، مگر تاریخ نے دیکھا اور لکھا عراق ایران جنگ میں ایران تمام تر جانی ومالی نقصانات کے باوجود پہلے سے کہیں زیادہ پختہ عزم و حوصلے و بلند ارادے کا مالک بن گیا اور سامراج کی ہر چال امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی سیاسی بصیرت سے ناکام و نامراد ہو کر رہ گئی۔

گدھ صفت دشمنوں کی دعا

چنانچہ اس وقت سے آج تک جتنے سیاسی زخم خوردہ تھے اور ہیں ان گدھ صفت بے بصیرت انسان دشمنوں کی تمنا رہی ہے کہ یہ انقلابِ اسلامی کسی طرح ختم ہو جائے، مٹ جائے اور تباہ وبرباد ہو جائے، مگر ضرب المثال ہے کہ لاش خوروں کے منانے سے جانور نہیں مرتا...

یہ تو پرانے حاسد و جاہل ہیں جو امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو بھی کوستے رہتے تھے اور امریکی ایجنڈے کا حصہ بن کر ان ایرانی جوانوں کو کہ جو صدام کے مقابلے میں اپنے ملک کا دفاع کرتے ہوئے اس راہ میں اپنی جان قربان کرتے تھے کچھ اپنوں میں ہی گھسے ہوئے لوگ کہتے تھے کہ یہ تو اپنوں ہی کو کٹوا رہے ہیں اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کو ملزم قرار دیتے تھے، چنانچہ وہی فکر آج بھی کچھ کنویں کے مینڈکوں میں نظر آتی ہے نہ اسوقت پروپیگنڈا مشینریاں ایران اسلامی کا بگاڑ سکیں اور نہ ان شاءاللہ اب کچھ بگاڑ سکیں گی۔

سورج پر تھوکنے والے ہمیشہ اپنا ہی منہ گندا کرتے ہیں، سورج کا کچھ نہیں بگاڑ پاتے۔

بحمد اللہ انقلابِ اسلامی ایران کا یہ سورج مظلوموں کی آواز بن کر ابھرا تھا اور اب تمام مظلومین عالم کی آواز بنتا جارہا ہے۔خداوند اسے چشم بد سے دور رکھے۔ آمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha