جمعرات 27 فروری 2025 - 00:21
مولانا سید نعیم عباس عابدی کی رحلت،ایک بے باک خطیب، مبلغِ انقلاب اور مصلحِ قوم سے جدائی

حوزہ/سیکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ مولانا سید صفی حیدر نے اپنے ایک پیغام میں آفتاب خطابت مولانا سید نعیم عباس نوگانوی کے سانحہء ارتحال پر تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا نعیم عباس عابدی نوگانوی کے سانحہ ارتحال پر سیکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ مولانا سید صفی حیدر زیدی نے ایک پیغام میں اظہار تعزیت کیا ہے جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

انا لله وانا اليه راجعون

إِذَا مَاتَ العَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةً لَا يَسدها شَيء.

واعظ بصیر، عالم با عمل مبلغ انقلاب، خطیب توانا مصلح قوم وملت، آفتاب خطابت حجتہ الاسلام مولانا سید نعیم عباس عابدی اعلیٰ اللہ مقامہ بانی و مدیر جامعتہ المنتظر، نوگانواں سادات، امروہہ) کی خبر رحلت سے شدید قلبی صدمہ پہنچا، مولانا مرحوم رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب کی حیثیت سے ایک عرصہ تک ادارے کی خدمات کرتے رہے رکن مجلس انتظام نہ رہ جانے کے باوجود ان کا ادارہ سے لگاؤ ہرگز کم نہیں ہوا تھا۔ خطیب اعظم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ سے وہ بیحد متاثر تھے اور ذاتی نشستوں سے لے کر منبر تک ان کا تذکرہ کیا کرتے تھے۔

ان کے انتقال کی خبر سے پوری دنیا میں ان سے وابستہ لوگ بالخصوص ان کے شاگردوں پر غم کے بادل چھا گئے ہیں۔ انھوں نے منبر کا حق ادا کرتے ہوئے بے باک اور دلیرانہ انداز سے پیغام ولایت عام کیا۔ ہر وقت اصلاح کے لئے کوشاں شخصیت ہم سے جدا ہو گئی اور عملی طور سے حق کی تبلیغ کرنے والی زبان رک گئی ۔ ان کے باقیات الصالحات میں شاگردوں کی کثیر تعداد بھی باعمل علماء کی شکل میں موجود ہے۔ سادہ سلیس اور ظریفانہ طرز تبلیغ اور روزمرہ کے برجستہ استعمال کے ساتھ ان کی بزم آرائیاں برسوں یاد کی جاتی رہیں گی۔

امیر المؤمنین علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے کہ "لوگوں کے ساتھ اس طرح زندگی بسر کرو جب تک تم زندہ رہو تو ملنے کے مشتاق ہوں اور مرنے کے بعد تمہارے اوپر آنسو بہائیں۔"

مولانا سید نعیم عباس عابدی اعلیٰ اللہ مقامہ کی ہستی اس قول کا مصداق قرار پائی۔ اس ناگہانی صدمہ نے فکر کو اتنا متاثر کر دیا کہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے دل کن الفاظ میں پسماندگان، شاگردوں اور چاہنے والوں کو پرسہ پیش کرے۔ حضرت ولی عصر عج کا ایک سپاہی رخصت ہو گیا اس لئے ان کی بارگاہ میں پرسہ پیش کرتے ہوئے مولانا مرحوم کے پسماندگان بالخصوص بیوه مرحوم، فرزندان، دختران اور دیگر اعزاء و احباب اور ان کے صالح شاگردوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور بارگاہ رب غفار میں دعا گو ہیں کہ انھیں اعلیٰ علیین میں سے قرار دے اور جوار شہدائے کربلا علیہم السلام مرحمت فرمائے۔

شریکِ غم؛ سید صفی حیدر، سیکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha