اتوار 9 مارچ 2025 - 09:00
بدترین یتیمی، امام سے دوری ہے: حجت الاسلام مؤمنی

حوزہ/ حرم مطہر حضرت معصومہ (س) میں خطاب کے دوران حجت الاسلام و المسلمین مؤمنی نے کہا کہ امام سے دوری بدترین یتیمی ہے۔ امام رضا (ع) فرماتے ہیں: "امام، مہربان باپ، مخلص بھائی اور ماں سے بھی زیادہ شفیق ہوتے ہیں۔" چاہے ہم انہیں یاد کریں یا نہ کریں، وہ ہمیں ہمیشہ یاد رکھتے اور ہمارے لیے دعا کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، قم: حرم مطہر حضرت معصومہ (س) میں ہونے والی مناجات خوانی کی محفل میں حجت‌ الاسلام و المسلمین سید حسین مؤمنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے اعمال کا اثر دنیا اور آخرت دونوں میں ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے امام جعفر صادق (ع) کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم معرفتِ خدا، معرفتِ رسول اور معرفتِ امام کو اپنی زندگی میں اتار لیں اور ان سے حقیقی محبت کریں تو اس کا پہلا اثر یہ ہوگا کہ ہم واجبات کی پابندی کریں گے اور محرمات سے دور رہیں گے۔

انہوں نے معرفتِ خدا کے حوالے سے کہا کہ سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے اور اس کی قدرت سے بڑی کوئی طاقت نہیں۔ جب انسان خود کو اللہ کا بندہ اور اس کے در پر محتاج سمجھے، تو وہ قرآن کی آیات خصوصاً سورہ حمد کے ذریعے اللہ سے عشق کا تعلق قائم کر سکتا ہے۔

معرفتِ رسول کے بارے میں حجت‌ الاسلام مؤمنی نے کہا کہ ہمیں یہ جاننا چاہیے کہ نبی کریم (ص) بشیر، نذیر اور سراج منیر ہیں، اور جو کچھ وہ فرماتے ہیں، وہ وحی پر مبنی ہوتا ہے۔ انہوں نے سورہ توبہ کی آیت 128 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم (ص) اپنی امت کی تکالیف کو محسوس کرتے ہیں اور ان کی ہدایت کے لیے بےحد فکر مند رہتے ہیں۔

انہوں نے معرفتِ امام کو سب سے اہم فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام وہ ہستی ہیں جنہیں ہمیں اپنی زندگی کا محور بنانا چاہیے۔ ہمیں غور کرنا چاہیے کہ ہماری زندگی میں امام زمانہ (عج) کا کتنا ذکر ہے، کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم نے اپنے دل میں "امام کا داخلہ منع ہے" کا بورڈ لگا رکھا ہو؟

انہوں نے امام رضا (ع) کی روایت «الإِمامُ الأَنیسُ الرَّفیقُ، وَالوالِدُ الشَّفیقُ، وَالأَخُ الشَّقیقُ، وَالاُمُّ البَرَّةُ بِالوَلَدِ الصَّغیرِ» بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام ایک مخلص ساتھی، شفیق باپ، مہربان بھائی اور ماں سے بھی زیادہ مہربان ہستی ہوتے ہیں۔ چاہے ہم امام کو یاد کریں یا نہ کریں، وہ ہمیں یاد کرتے ہیں اور ہماری دعا کریں یا نہ کریں، وہ ہمارے لیے دعا کرتے ہیں۔

حجت‌ الاسلام مؤمنی نے کہا کہ امام سے دوری بدترین یتیمی ہے، کیونکہ امام وہ ہستی ہیں جو ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑتے۔ انہوں نے سورہ مائدہ کی آیت 35 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تک پہنچنے کے لیے ہمیں تقویٰ اختیار کرنا ہوگا اور وسیلہ کو تھامنا ہوگا، اور اہل بیت (ع) ہی وہ وسیلہ ہیں جو ہمیں اللہ سے جوڑتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ اگر ہم دل سے امام کی یاد میں رہیں اور ان کی محبت کو اپنی زندگی میں شامل کریں تو امام بھی ہماری طرف متوجہ ہوں گے اور ہمیں اپنی خاص عنایات سے نوازیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha