حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر سے گفتگو کے دوران مدرسہ علمیہ امام صادق (ع) بروجرد کے مدیر حجت الاسلام سید عبداللہ قدمی نے کہا: ماہ مبارک رمضان خودسازی، ارادے کی تقویت اور روحانی ترقی کا موقع ہے، ہمیں اس مہینے کی روحانی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی باطنی معنویت میں اضافے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا: رمضان المبارک کے مفاہیم کو نوجوان نسل تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ علمی، جذاب اور ان کی طبیعت سے ہم آہنگ طریقے اختیار کیے جائیں۔ ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال، مختصر ویڈیوز، انفوگرافکس، تعلیمی و تربیتی پوڈکاسٹس، ویبنارز اور مذہبی اساتذہ و ماہرین نفسیات کی موجودگی میں لائیو سیشنز کا انعقاد، روزے کے روحانی مفاہیم کو نوجوانوں تک پہنچانے کے مؤثر طریقے ہیں۔
حجت الاسلام سید عبداللہ قدمی نے کہا: روزہ خواہشات نفسانیہ پر کنٹرول اور ارادے کو مضبوط کرنے کی مشق ہے جبکہ حاجتمندوں کے مسائل کو سمجھ کر ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو تقویت دینا روزہ داری کی دیگر برکات میں سے ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران معنویت کے ذہنی صحت پر مثبت اثرات جیسے دباؤ میں کمی اور سکون میں اضافے پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کی پسند کے مطابق زبان و اسلوب کے استعمال کو روزے کے روحانی مفاہیم منتقل کرنے کے دیگر طریقوں میں شمار کیا۔
مدرسہ علمیہ امام صادق (ع) بروجرد کے مدیر نے کہا: دینی و سماجی موضوعات پر مبنی سیریز اور تربیتی فلموں کی تیاری، نوجوان مبلغین اور مقبول شخصیات کے ذریعے روحانی پیغامات کی ترسیل اور معنوی و حوصلہ افزا ماحول کا قیام روزہ داری کے مفاہیم کو منتقل کرنے کا ذریعہ قرار پا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: نوجوانوں کو فلاحی سرگرمیوں میں شرکت اور حاجتمندوں کی مدد کی ترغیب دینا اور علمی و نفسیاتی تفسیر کے ساتھ قرآن خوانی کے پروگرامز منعقد کرنا روزہ داری کی دیگر برکات میں شامل ہیں۔
آپ کا تبصرہ