ہفتہ 22 مارچ 2025 - 07:00
مقاومتی محاذ عالم اسلام کے لیے ایک عظیم نعمت ہے / حزب اللہ آج بہترین پوزیشن میں ہے

حوزہ / حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن نے مقاومتی محاذ کی تشکیل میں جمہوریہ اسلامی ایران کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج مقاومتی محاذ کی قوت اور صہیونی حکومت کی کمزوری الہی وعدے اور راہِ مقاومت کی حقانیت کی علامت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو میں حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن آیت اللہ محمود رجبی نے خطے میں مقاومتی محاذ کے قیام، تقویت اور تسلسل میں جمہوریہ اسلامی ایران کے اثرات کا جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے انقلاب اسلامی اور اسلام کی تاریخ میں لبنان اور حزب اللہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: لبنان اور حزب اللہ لبنان انقلاب اسلامی اور اسلام کی تاریخ کا ایک شاندار اور باوقار مرحلہ شمار ہوتے ہیں۔ اس گروہ نے اپنی جدوجہد، اخلاص اور ولایتمداری کے ذریعے منحوس، قابض اور مجرم صہیونی حکومت کو ناکوں چنے چبوائے اور ذلت سے دوچار کیا۔ وہ حکومت جو بیروت یعنی لبنان کے مرکز تک پیش قدمی کر چکی تھی، اس قلیل مگر پُرعزم اور ولایتمدار گروہ کی مزاحمت کے باعث فرار پر مجبور ہوئی اور لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے نکل گئی۔

حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے رکن نے مزید کہا: صہیونی حکومت نہ صرف پسپا ہونے پر مجبور ہوئی بلکہ حزب اللہ اور غیور لبنانی عوام کے خوف سے کنکریٹ کی دیواریں، خاردار رکاوٹیں، چوکیاں اور جدید دفاعی آلات نصب کیے۔ یہ اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے جس کا ذکر شہیدِ مقاومت سید حسن نصراللہ نے کیا تھا کہ: "صہیونی حکومت مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے۔" آج بھی یہ حقیقت برقرار ہے۔

آخر میں انہوں نے خدا کے حضور شکر ادا کرتے ہوئے کہا: ہم مقاومتی محاذ جیسی عظیم نعمت پر خدا کے شکر گزار ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ حزب اللہ لبنان کی حتمی فتح اور صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں، بالخصوص مجرم امریکہ کی ذلت آمیز شکست جلد از جلد واقع ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha