حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ لرستان میں نمائندہ ولی فقیہ، حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمدرضا شاہرخی نے ۱۲ فروردین، یومِ جمهوری اسلامی ایران کی مناسبت سے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے انقلاب اسلامی کی تجدید، مستضعفین کی حکومت کے استحکام اور شہداء کی قربانیوں کا ثمر قرار دیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا: "۱۲ فروردین ایرانی عوام کے عزم و اتحاد کی علامت ہے۔ اس دن قوم نے اپنے اجتماعی شعور اور بھرپور شرکت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے قیام کی بنیاد رکھی۔ یہ دن ظالمانہ نظام کے خاتمے اور اسلامی طرزِ حکمرانی کے آغاز کی نوید لایا، جس نے ملک میں آزادی، ترقی اور خودمختاری کو یقینی بنایا۔"
انہوں نے مزید کہا: "یہ عظیم کامیابی امام خمینیؒ کی مدبرانہ قیادت اور ان کے جانشین، رہبر معظم انقلاب حضرت امام خامنہای (مدظلہ العالی) کی دانشمندانہ رہنمائی کے بغیر ممکن نہ تھی۔ آج اسلامی جمہوریہ ایران، شہداء کے خون اور عوام کی قربانیوں کی بدولت، دشمنوں کے خلاف ایک مضبوط قلعہ اور دنیا کے مظلوموں کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔"
آخر میں، حجۃ الاسلام والمسلمین شاہرخی نے عید سعید فطر اور یومِ جمهوری اسلامی کی مناسبت سے ایرانی عوام، بالخصوص صوبہ لرستان کے شہریوں، شہداء کے خانوادوں، جانبازوں اور ایثارگروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام اور حکام، انقلاب اسلامی کے مقاصد کو آگے بڑھاتے ہوئے ایران کی ترقی اور سرفرازی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
آپ کا تبصرہ