حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزات علمیہ کے بین الاقوامی امور کے معاون، حجتالاسلام والمسلمین سید مفید حسینی کوہساری نے کہا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے تاریخی پیغام میں حوزہ علمیہ کی شناخت کے پانچ بنیادی عناصر بیان فرمائے، جن میں سے دو عنصر — "ہمیشہ استکبار کے خلاف صف اول میں ہونا" اور "تمدن سازی کی صلاحیت" — عالمی سطح پر نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ دیگر عناصر میں بھی بین الاقوامی زاویہ نمایاں ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکز مدیریت حوزہ علمیہ خواهران قم میں منعقدہ "ہمایش منشور روحانیت امامین انقلاب" کی پیش نشست میں کیا، جس کا موضوع تھا: "امامین انقلاب کے تمدنی افکار کا بین الاقوامی دائرہ کار"۔
پانچ شناختی عناصر:
حجتالاسلام کوہساری کے مطابق رہبر انقلاب کے پیغام کی روشنی میں حوزہ علمیہ کی درج ذیل پانچ شناختی جہات سامنے آتی ہیں:
1. علمی مرکز کی حیثیت
حوزہ علمیہ ایک ایسا مرکز ہے جو علمی مرجعیت، علوم اسلامی میں نوآوری (خصوصاً فقہ حکومتی و تمدنی)، عالمی علمی تعامل، جدید علوم سے آگاہی اور تمدنی بصیرت رکھتا ہے۔
2. تربیتی و اخلاقی مرکز
یہ مرکز، عالمی سطح پر تبلیغ کے لیے مؤثر، منظم اور متدین مبلغین و مجاہدین کی تربیت کرتا ہے، نیز سافٹ وار، ثقافتی یلغار اور فکری القاءات کا حکیمانہ مقابلہ کرتا ہے۔
3. استکبار کے خلاف صف اول میں موجودگی
حوزہ علمیہ ہمیشہ استکبار اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی قیادت کرتا آیا ہے۔
4. اسلامی نظام کی پشت پناہی
دینی حکومت اور نظام اسلامی کی حمایت اور فکری رہنمائی، حوزہ علمیہ کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔
5. تمدن سازی کی صلاحیت
حوزہ ایک تمدن ساز ادارہ ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید تبدیلیوں کا ادراک، روایات سے الہام، عالمی نیٹ ورک، زبان و ٹیکنالوجی پر عبور، عالمی مبلغین کی تیاری اور مؤثر ادارہ سازی جیسے امور پر توجہ دے۔
اقدامات و حکمت عملی:
حجتالاسلام کوہساری نے وضاحت کی کہ اس عالمی منشور پر عمل درآمد کے لیے تین سطحوں پر اقدامات ضروری ہیں:
1: ہمیں اپنی ذہنیتوں کو محدود قومی دائرے سے نکال کر بین الاقوامی سطح پر وسعت دینی ہوگی۔
2: ادارہ جاتی تبدیلیاں، اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی ترقی۔
3: عملی میدان میں مؤثر اور ہمہ گیر منصوبہ بندی۔
آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک خصوصی حکمتِ عملی پر مبنی دستاویز تیار کی جائے، تاکہ رہبر معظم انقلاب کے پیغام کے ذیل میں قابل عمل منصوبے وضع کیے جا سکیں۔









آپ کا تبصرہ