جمعرات 12 جون 2025 - 16:46
عیدِ غدیر، ولایتِ علیؑ کا دائمی پیغام ہے

حوزہ/ مولانا سید صفدر حسین زیدی،مدیر جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام، جونپور نے اس موقع پر امت کو ولایتِ علیؑ کو زندگی میں نافذ کرنے، اہل بیتؑ کی سیرت اپنانے، اور نسلوں کو غدیر کا پیغام پہنچانے کی دعوت دی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عیدِ غدیر دین کی تکمیل اور ولایتِ علیؑ کے اعلان کا دن ہے۔ یہ دن امت کو الٰہی قیادت، تقویٰ، علم اور عدل کا درس دیتا ہے۔ مولانا سید صفدر حسین زیدی،مدیر جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام، جونپور نے اس موقع پر امت کو ولایتِ علیؑ کو زندگی میں نافذ کرنے، اہل بیتؑ کی سیرت اپنانے، اور نسلوں کو غدیر کا پیغام پہنچانے کی دعوت دی۔

پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

الحمد لله الذی جعلنا من المتمسکین بولایة امیرالمؤمنین علی بن ابی طالب علیہ السلام

تمام مومنین و محبّانِ ولایت کو عیدِ اکبر، عیدِ غدیر کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یومِ غدیر درحقیقت صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ یہ دین کی تکمیل، نعمتِ ولایت کی عطا اور رسالت کی امانت کا اعلان ہے۔ اس دن نبی کریم نے اللہ کے حکم سے فرمایا:

"من کنت مولاه فهذا علی مولاه"

"جس کا میں مولا ہوں، اس کا علی مولا ہے"

یہ اعلان اسلام کی روح اور ولایتِ امیرالمؤمنینؑ کی بنیاد ہے۔

آج بھی اگر اُمت مسلمہ عزت، اتحاد اور راہِ حق کی تلاش میں ہے تو اس کی کنجی ولایتِ علیؑ میں پنہاں ہے۔ غدیر ہمیں سکھاتا ہے کہ قیادت الٰہی معیار پر ہو، تقویٰ، علم اور عدل کی بنیاد پر ہو، اور جو نبیؐ کی زبان اور دل کا ترجمان ہو، وہی اُمت کا قائد ہو۔

غدیر خم وہ مبارک مقام ہے جہاں 18 ذوالحجہ سن 10 ہجری کو رسولِ اکرم نے اپنے آخری حج سے واپسی پر، ایک عظیم اجتماع میں، لاکھوں حاجیوں کے سامنے اللہ کے حکم سے امام علی علیہ السلام کی ولایت و امامت کا اعلان فرمایا۔ یہ اعلان کوئی معمولی بات نہ تھی، بلکہ وہ آخری حلقہ تھا جس سے دین مکمل ہوا اور نعمت تمام ہوئی۔

قرآنِ مجید میں ارشاد ہوتا ہے:

"الیوم أکملت لکم دینکم وأتممت علیکم نعمتی و رضیت لکم الإسلام دینا"

یہ صرف ایک روحانی اعلان نہیں تھا بلکہ سیاستِ دینی، رہبریِ امت اور نظامِ ولایت کا آغاز تھا۔

غدیر دراصل ولایت، اطاعت اور قیادت الٰہی کا دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جب رسولِ خدا نے یہ واضح کر دیا کہ رسالت کے بعد امامت ہی وہ نظام ہے جو امت کو گمراہی سے بچاتا ہے۔

غدیر ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ:

دین کا تسلسل بغیر امامت کے ممکن نہیں۔

اُمت کی فلاح، نجات اور اتحاد کا راز، اہلِ بیتؑ کی پیروی میں ہے۔

غدیر ایک دن نہیں، ایک دائمی پیغام ہے، جو ہر دور میں حق و باطل کے درمیان معیار ہے۔

آج کی ذمہ داریاں:

آج کی دنیا میں جہاں حق و باطل کی تمیز مٹتی جا رہی ہے، عیدِ غدیر ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم:

اپنی زندگیوں میں ولایتِ علیؑ کو عملی طور پر نافذ کریں۔

اہلِ بیتؑ کی سیرت کو عام کریں، ان کے علم و اخلاق کو اپنائیں۔

اپنی نسلوں کو غدیر کی حقیقت سے آشنا کریں تاکہ وہ سچ اور جھوٹ کے درمیان فرق کو سمجھ سکیں۔

آئیے اس عید پر ہم سب تجدیدِ عہدِ ولایت کریں، اور اپنی نسلوں کو غدیر کا پیغام، ولایت کا نور اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت سے آشنا کریں۔

عیدِ غدیر مبارک ہو۔

والسلام

سید صفدر حسین زیدی

مدیر جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام، جونپور

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha