جمعہ 13 جون 2025 - 09:31
لباس روحانیت نہایت مقدس ہے اور اس کی حرمت کی حفاظت قول و عمل کی یکسانی سے ممکن ہے

حوزہ / جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن نے کہا: آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم امام زمانہ (عج) کی ولایت کے دفاع کے ساتھ ساتھ فقہائے عظام بالخصوص ولی فقیہ یعنی رہبر معظم انقلاب کی ولایت کا دفاع کریں جن پر اس مقدس نظام کی حفاظت و رہبری کی بھاری ذمہ داری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ محسن فقیہی نے امام علی نقی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مؤسسہ علمی پیام امام ہادی(ع) میں خطاب کرتے ہوئے زیارت جامعہ اور زیارت غدیریہ کو امام ہادی علیہ السلام کے معجزات میں شمار کرتے ہوئے کہا: یہ دونوں زیارات سراسر ولایت کے دفاع سے لبریز ہیں۔ زیارت جامعہ اہل بیت علیہم السلام کی جامع ترین شناخت ہے جبکہ زیارت غدیریہ میں امام ہادی علیہ السلام نے آیات قرآن کی روشنی میں مسئلہ ولایت کو وضاحت سے بیان فرمایا ہے۔

انہوں نے کہا: آج بھی ہماری شرعی اور انقلابی ذمہ داری ہے کہ ہم امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی ولایت کے ساتھ ساتھ فقہائے عظام کی ولایت اور خصوصاً مقام معظم رہبری کی ولایت کا دفاع کریں کیونکہ اسلامی نظام کی حفاظت اور قیادت کی سنگین ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے۔

آیت اللہ فقیہی نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں امام علی نقی علیہ السلام کی شخصیت کی بعض خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس عظیم امام کی پہلی نمایاں صفت، لوگوں کے ساتھ نیکی و احسان اور محبت کا رویہ ہے۔

انہوں نے اس عظیم الشان جشن میں عمامہ پوشی کی سعادت حاصل کرنے والے طلاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: یاد رکھو کہ لباس روحانیت نہایت مقدس ہے اور اس کا احترام واجب ہے۔ اس لباس کی حرمت کی حفاظت، قول و عمل کی یکسانی سے ممکن ہے، صرف زبانی تبلیغ اثر نہیں رکھتی بلکہ بعض اوقات اُلٹا اثر ڈالتی ہے۔

جامعہ مدرسین قم کے اس رکن نے آخر میں کہا: عوام نے اچھی باتیں بہت سن رکھی ہیں لیکن اگر وہ دیکھیں کہ ہمارا عمل ہمارے اقوال سے میل نہیں کھاتا تو وہ ہم سے دور ہو جائیں گے۔ ہمیں چاہیے کہ جو کچھ آیات و روایات سے بیان کرتے ہیں، خود اس پر عمل پیرا ہوں تاکہ لوگ حق بات کو قبول کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha