حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس خبرگان رہبری کے رکن حجت الاسلام والمسلمین حسین ردائی نے تہران میں شہدائے اقتدار کے جنازے میں عوام کی تاریخی شرکت پر ملت ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: محرم ۱۴۴۷ھ کی دوسری تاریخ ملت ایران کی حماسی تاریخ کی ضخیم کتاب میں سنہری حروف سے درج ہو چکی ہے۔ اس عظیم شرکت نے دشمنوں کو حیران اور انقلاب اسلامی کے دوستوں کو خوشحال و پُرامید کر دیا۔
مجلس خبرگان کے رکن نے کہا: جیسے ہی جنگ شروع ہوئی، عوام پہلے سے زیادہ اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہو گئے اور فتح کے اسباب فراہم کیے۔ یہ بے مثال اتحاد تہران میں شہدائے اقتدار کی تشییع جنازہ میں بخوبی نظر آیا۔

انہوں نے مزید کہا: اس عظیم شرکت کی بنیاد امام اور امت کے مضبوط رشتے میں ہے اور جیسا کہ ہم نے دیکھا عوام نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی پیروی کرتے ہوئے صہیونی دشمن کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ گذشتہ ۴۷ برسوں میں ملت ایران کی مسلسل کامیابیوں کا راز ولی فقیہ اور عوام کے درمیان مضبوط تعلق میں مضمر ہے۔ آج کے اس کارنامے کی عظمت کو خوبصورت ترین انداز میں بیان کرنے کے لیے یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ "سب شریک تھے"۔
حجت الاسلام والمسلمین ردائی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ حالیہ تاریخی فتح کے بعد ملک کی فوجی پوزیشن کئی درجے بلند ہو چکی ہے، کہا: صہیونی دشمن اور اس کے منافقانہ حامیوں نے ہرگز یہ گمان نہیں کیا تھا کہ ان کی احمقانہ جارحیت، ایرانی عوام کے اتحاد کو مزید مستحکم کرنے اور جمہوریہ اسلامی ایران کے علاقائی و بین الاقوامی وقار کو بڑھانے کا باعث بنے گی۔









آپ کا تبصرہ