حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چھ محرم الحرام "انجمنِ لبیک یا زہراء (س)" کے زیرِ اہتمام جموں وکشمیر کے ایچ ایم ٹی علاقے میں یومِ علی اصغر علیہ السّلام نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، جس میں مؤمنات نے بچوں کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مجلسِ عزاء کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد مؤمنات نے حضرت علی اصغر علیہ السّلام کی مظلومیت کو مرثیہ کی صورت میں بیان کیا۔
مجلسِ عزاء پی ایچ ڈی اسکالر محترمہ شمائلہ زینب نے "دینی تربیتِ اولاد" کے موضوع پر فکر انگیز خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی نیک اور دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ تربیت کا بہترین وقت بچپن ہوتا ہے، کیونکہ بچپن میں حاصل کیا گیا علم ہمیشہ یاد رہتا ہے۔
انہوں نے حضرت علی علیہ السّلام کی حدیث مبارکہ بیان کی قال الإمامُ عليٌّ عليه السلام: العِلمُ مِنَ الصِّغَرِ كالنَّقشِ في الحَجَرِ. امام علی علیہ السّلام نے فرمایا: چھوٹی عمر میں علم حاصل کرنا پتھر پر نقش کرنے کی مانند ہے۔
محترمہ شمائلہ زینب نے اس بات پر زور دیا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچپن ہی سے اپنے بچوں کی دینی بنیاد مضبوط کریں۔
انہوں نے دور حاضر کے خطرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سوشل میڈیا، یوٹیوب اور مغربی کارٹونز کے بچوں پر منفی اثرات مترتب ہو رہے ہیں، لہٰذا والدین اس طرف بھی متوجہ رہیں۔
محترمہ شمائلہ زینب نے دینی تعلیم و تربیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خود اپنے بچوں کے مربی بننا ہوگا، ایسا نہ ہو کہ مغربی میڈیا ہمارے بچوں کی تربیت کرے۔
آخر میں انہوں نے حضرت علی اصغر علیہ السّلام کی دل دہلا دینے والی مصیبتیں بیان کیں۔









آپ کا تبصرہ