منگل 1 جولائی 2025 - 14:29
عزاداری برپا کرنے کا بنیادی ہدف، وقت کے یزید کی شناخت حاصل کرنا ہے: محترمہ مہجبین

حوزہ/ بڈگام جموں وکشمیر میں انجمنِ "آؤ چلیں کربلا" کے تحت، محترمہ ڈاکٹر منت کے گھر پر منعقدہ خمسہ مجالسِ عزاء کی چوتھی مجلسِ عزاء سے محترمہ خواہر مہجبین نے ”حسین نجات کی کشتی“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری برپا کرنے کا بنیادی ہدف، وقت کے یزید کی شناخت حاصل کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بڈگام جموں وکشمیر میں انجمنِ "آؤ چلیں کربلا" کے تحت، محترمہ ڈاکٹر منت کے گھر پر منعقدہ خمسہ مجالسِ عزاء کی چوتھی مجلسِ عزاء سے محترمہ مہجبین نے ”حسین نجات کی کشتی“ کے موضوع پر خطاب کیا۔

انہوں نے کربلا میں امام حُسین علیہ السّلام کے اہداف ومقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السّلام کے مقاصد میں سے ایک یہ تھا کہ جب تک کوئی شخص غیرت مند نہ ہو وہ دین دار نہیں ہو سکتا۔ امام حسین علیہ السّلام غیرت مند امام تھے، اسی لیے آپ نے دین پر سب کچھ قربان کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیرت کی مثالوں میں سے ایک؛ حجاب اور عفاف ہے کہ عفت کے ذریعے ہم امام حسین علیہ السلام تک پہنچ سکتے ہیں۔

محترمہ مہجبین نے عزاداری کی اہمیّت بیان کرتے ہوئے کہا کہ محرم اور صفر میں عزاداری برپا کرنے کا ہدف، دراصل وقت کے یزید کی شناخت کے ساتھ ساتھ امام حسین علیہ السّلام کے خیمے تک پہنچنا ہے اور جو امام حسین علیہ السّلام تک پہنچ گیا گویا اس نے خدا کو پا لیا؛ گویا اس نے خدا کے ولی کو پا لیا۔

آخر میں انہوں نے کربلا کے جوان جناب حضرت علی اکبر علیہ السّلام کے دلخراش مصائب بیان کیے اور ذاکرات نے نوحہ خوانی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha