حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن میں لاکھوں افراد نے ایک عظیم الشان ریلی میں شرکت کی اور کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ ہی کامیابی کا واحد راستہ ہے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ وہ نہ صرف غزہ بلکہ شام میں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔
یمنی عوام نے شام کے جنوبی صوبے السویداء میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، دروزی برادری کی حمایت کا دعویٰ کرتے ہوئے درحقیقت شام میں خلفشار پیدا کر رہا ہے۔ اسرائیلی افواج نے حالیہ دنوں میں دمشق میں وزارت دفاع اور ایوانِ صدر کے اطراف اہم شامی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس کا مقصد شامی حکومت کو کمزور کرنا اور جنوب میں ایک حائل علاقہ قائم کرنا ہے۔
یمنی عوام نے غزہ کی حمایت میں اپنی عسکری کارروائیوں کی کامیابی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ام الشراش بندرگاہ کی بندش کو صیہونی ریاست کے خلاف ایک بڑی پیش رفت قرار دیا۔
اپنے بیان میں یمنی عوام نے اسلامی اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی عظمت، قربانی اور اخوت کے اصولوں سے رہنمائی لیں اور مظلوموں کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔ بیان کے آخر میں شامی عوام کو دشمن کی سازشوں سے خبردار رہنے کی تلقین کی گئی اور کہا گیا کہ اسرائیل تمام مسلم اقوام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، لہٰذا ہم شام کے عوام کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ