منگل 22 جولائی 2025 - 18:20
اے ایم آر چیریٹیبل کلینک کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

حوزہ/ اے ایم آر چیریٹیبل کلینک، راھے شیام پارک میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف معالج ڈاکٹر غیور الحسن نقوی سربراہ نیوبرایٹ ہاسپیٹل امروہہ نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں ضروری مشورے دیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 20 جولائی 2025 بروز اتوار، اے ایم آر چیریٹیبل کلینک، راھے شیام پارک میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف معالج ڈاکٹر غیور الحسن نقوی سربراہ نیوبرایٹ ہاسپیٹل امروہہ نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں ضروری مشورے دیے۔

اس کیمپ میں مختلف عمر کے مرد و خواتین مریضوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر غیور الحسن نقوی نے عام بیماریوں کے علاوہ بلڈ پریشر، شوگر، سینے کے امراض اور دیگر جسمانی تکالیف کے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ مریضوں کو مفت مشورے کے ساتھ ساتھ ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

کیمپ کا مقصد عام عوام کو معیاری طبی سہولتیں مہیا کرنا اور صحت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ منتظمین نے بتایا کہ ایسے فلاحی کیمپس ہر ہفتہ ہوتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

ڈاکٹر غیور الحسن نقوی نے لوگوں کوذہنی دباؤ (ٹینشن) کی علامات اور اس کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرتے ہوے کہا:آج کے دور میں ذہنی دباؤ (Stress) ایک عام مگر سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ تیز رفتار زندگی، کام کا دباؤ، خاندانی مسائل، مالی پریشانیاں اور سماجی دباؤ۔ یہ سب انسان کے ذہن و جسم پر گہرے اثرات ڈالتے ہیں۔ بدقسمتی سے اکثر لوگ ذہنی دباؤ کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جبکہ یہ جسمانی و ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے والا خاموش قاتل ثابت ہو سکتا ہے۔

ذہنی دباؤ کی بہت سی علامات ہوتی ہیں، جنہیں اگر بروقت پہچان لیا جائے، تو بڑے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کے جسم میں درج ذیل علامات ظاہر ہو رہی ہیں، تو یہ صرف عام بیماریاں نہیں بلکہ خطرناک حد تک بڑھ چکا ذہنی دباؤ بھی ہو سکتا ہے:

1. بار بار منہ کا خشک ہونا

2. نظر کا دھندلا جانا

3. ہاتھوں اور پیروں کا ٹھنڈا پڑ جانا

4. جسم میں عجیب سا کھچاؤ محسوس ہونا

5. کانوں میں بے وجہ آوازیں آنا

6. کبھی بہت زیادہ گرمی اور کبھی سردی لگنا

7. سانس لینے میں دشواری محسوس ہونا

8. مستقل سر درد کا رہنا

9. بار بار واش روم جانے کی خواہش

10. دل کی دھڑکن کا تیز ہو جانا

11. پیٹ کا بار بار خراب ہونا

12. کھانے یا پانی کو نگلنے میں دقت

13. جسم میں سن پن یا جھنجھناہٹ محسوس ہونا

14. غیر ضروری طور پر زیادہ پسینہ آنا

یہ تمام علامات ذہنی دباؤ کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ اگر انہیں نظر انداز کیا جائے تو یہ مسائل مزید سنگین بیماریوں میں تبدیل ہو سکتے ہیں، جیسے کہ ہائی بلڈ پریشر، دل کے امراض، نیند کی کمی، یا ڈپریشن۔

ذہنی دباؤ کو کیسے سنبھالیں؟

وقت پر آرام کریں اور نیند پوری کریں

صحت بخش غذا کھائیں

روزانہ ورزش یا چہل قدمی کو معمول بنائیں

اپنے جذبات کو قریبی افراد سے شیئر کریں

سوشل میڈیا اور اسکرین کا استعمال محدود کریں

گہری سانس لینے کی مشق (Breathing exercises) کریں

ضرورت پڑنے پر ماہر نفسیات یا مشیر سے رجوع کریں۔

ذہنی دباؤ کو معمولی نہ سمجھیں۔ یہ صرف ایک ذہنی کیفیت نہیں، بلکہ مکمل جسمانی نظام کو متاثر کرنے والا ایک خاموش مگر خطرناک دشمن ہے۔ اگر آپ یا آپ کے اردگرد کوئی ان علامات کا شکار ہے، تو فوری توجہ دیں اور علاج کا آغاز کریں۔ صحت مند ذہن ہی ایک صحت مند جسم کی ضمانت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • علی حسن IN 04:57 - 2025/07/23
    جزاک اللّہ اچھا قدم ہے اللہ جزائے خیر دے