حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین شعبۂ قم کے صدر مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زائرینِ امام حسینؑ پر زمینی راستوں سے سفر کی پابندی کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام شہریوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے، تاکہ دہشت گردی کے خوف سے ان کے سفر میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں بلوچ عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہ رکھا گیا ہوتا، جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کیا گیا ہوتا، عوامی وسائل کا درست استعمال ہوتا اور تعلیمی و تربیتی ادارے قائم کیے گئے ہوتے تو آج امن و امان کی یہ افسوسناک صورتحال پیدا نہ ہوتی۔
مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور زائرین کو بلا خوف و خطر ان کے مذہبی فریضے کی ادائیگی کا موقع دے۔









آپ کا تبصرہ