حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ (شعبۂ برادران) کراچی میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر داخلہ لینے والے طلباء کے لیے ایک تربیتی شارٹ کورس "دورۂ میثاق" کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس کورس کی اختتامی تقریب آج، 29 جولائی بروز منگل، جامعہ کی لائبریری میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت طالب علم اصغر عباس نے حاصل کی۔ اس کے بعد طالب علم میثم عباس نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، طالب علم شیر علی نے منقبت اور گلفام دین نے سلام پیش کیا۔
تقریب میں طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے کاشف رضا، میثم عباس اور محمد مجاب نے اس کورس کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ہمیں پہلی بار نہایت فاضل اور تجربہ کار اساتذہ سے علمی استفادہ کا موقع ملا۔ ایک پاکیزہ اور روحانی ماحول میں نظم و ضبط، صفائی اور حسنِ اخلاق کے اصولوں کو سیکھنے کا تجربہ حاصل ہوا۔ اس دوران اساتذہ کے اخلاق و کردار اور ان کا دوستانہ رویہ ہمارے لیے نہایت مؤثر اور قابلِ تقلید تھا۔
طلباء نے مزید کہا کہ آج کے اس پرآشوب دور میں صراطِ مستقیم کی رہنمائی اور اسلامی طرزِ زندگی کی جانب ہماری رہنمائی کرنا، اساتذہ اور ذمہ داران کا انتہائی مؤثر اور متاثر کن کردار تھا، جس کے لیے ہم تہہ دل سے ان کے شکر گزار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام محمد رضا خواجہ نے کہا کہ"ہم سب کا مقصد علم کا حصول، پھر اس پر عمل اور بعد ازاں اسے دوسروں تک پہنچانا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے بھی علم کے ابلاغ اور اس پر عمل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ حاصل کردہ علم کو اپنی عملی زندگی میں عملی جامہ پہنانیں اور اسے دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کریں۔
جامعۃ المصطفیٰ کراچی کے شعبۂ تعلیم کے سربراہ حجت الاسلام سید بشیر نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان کی زندگی میں سب سے اہم عنصر اُس کا اخلاق ہے۔ اس کورس کے بعد جب آپ اپنے گھروں کو لوٹیں تو آپ کے اخلاق و کردار میں مثبت تبدیلی نظر آنی چاہیے، تاکہ آپ کے اہلِ خانہ اور احباب اس کا واضح اثر محسوس کریں۔"
مدیرِ جامعہ، حجت الاسلام سید عمار ہمدانی نے اس موقع پر اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "آیتِ نفر کے مطابق دینی علوم کا حصول اور پھر اُسے اپنی قوم تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آپ تمام طلباء نے اس تربیتی دورے میں عمدہ ماحول میں علم حاصل کیا اور حسنِ اخلاق و کردار کے ساتھ اس پروگرام کو کامیاب بنایا۔ ہم ان تمام اساتذہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور اخلاص سے اس تربیتی ورکشاپ کو مؤثر بنایا۔"
تقریب کے اختتام پر کورس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔
08:26 - 2025/07/30









آپ کا تبصرہ