حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیویارک میں مشرق وسطیٰ اور مسئلہ فلسطین پر ہونے والے اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا: فلسطینی عوام روزانہ ناقابلِ بیان جانی نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ ان کے گھر، آبادیاں اور انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے جبکہ معاشرتی ڈھانچہ بکھر چکا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اب تک 64 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ غزہ قحط سالی کے دہانے پر ہے اور پانچ لاکھ افراد بھوک سے خطرے میں ہیں۔ اس کے علاوہ تین لاکھ فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں اور مزید دس لاکھ کے بے گھر ہونے کا خطرہ ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا: غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں اور ای ون منصوبے کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے چونکہ اب باتوں کا وقت گزر چکا ہے، اب عمل کا وقت ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا: پاکستان، سعودی عرب اور فرانس کی جانب سے فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس کا خیر مقدم اور فلسطینی عوام کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔









آپ کا تبصرہ