بدھ 15 اکتوبر 2025 - 17:54
صہیونی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی 36 بار خلاف ورزی، 7 فلسطینی شہید

حوزہ/ غزہ میں حقوقِ انسانی کے مرکز نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی فوج نے جمعے کی دوپہر سے نافذ جنگ بندی کے معاہدے کو اب تک 36 بار توڑا ہے، جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں حقوقِ انسانی کے مرکز نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی فوج نے جمعے کی دوپہر سے نافذ جنگ بندی کے معاہدے کو اب تک 36 بار توڑا ہے، جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

اس مرکز کے مطابق ان کی ٹیم نے 10 اکتوبر 2025 سے اب تک فضائی، زمینی اور توپخانے کے حملوں کے ساتھ ساتھ براہِ راست فائرنگ کے متعدد واقعات کو دستاویزی شکل دی ہے، جو خاص طور پر غزہ کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں پیش آئے۔

غزہ میں موجود حقوقِ انسانی کے مرکز نے مزید بتایا کہ صہیونی ڈرون طیاروں نے الشجاعیہ محلے میں اپنے گھروں کو لَوٹنے والے فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں 5 افراد شہید ہوگئے۔ ایک اور حملہ خان یونس کے علاقے الفخاری میں ہوا، جس میں ایک شہری شہید اور دوسرا زخمی ہوا، جبکہ جبالیا اور رفح میں بھی کئی زخمیوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تمام حملے کسی فوجی جواز کے بغیر کیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صہیونی حکومت مختلف بہانوں سے غزہ میں خوف و دہشت کی فضا قائم رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اس مرکز نے خبردار کیا کہ خوراک، پانی اور ادویات تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنا اور انسانی امداد کو روکنا نسل کشی کے جرم کی ایک مسلسل شکل ہے، جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

غزہ میں حقوقِ انسانی کے مرکز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے، صہیونی حکومت کو جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد کا پابند بنائے، اور غزہ میں جاری جنگی جرائم اور اجتماعی قتلِ عام کی تحقیقات فوری طور پر شروع کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha