حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منگل کی شب غزہ شہر کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
گذشتہ شب فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے غزہ شہر کے مختلف علاقوں پر مسلسل حملہ کیا متعدد افراد کو شہید اور زخمی کیا۔
"الجزیرہ" نیٹ ورک نے اطلاع دی ہے کہ غزہ شہر کے جنوب میں "حی الصبرہ" کا علاقہ صیہونی حکومت کے مسلسل توپ خانے کے حملوں کا نشانہ بنا ہے۔
غزہ کے مرکز میں واقع "النصیرات" کیمپ میں موجود UNRWA اسکول پر صہیونی فضائی حملے میں بھی متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
غزہ سے الجزیرہ کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے وسط میں النصیرات کے شمال میں المخیم الجدید نامی علاقے کو بھی صہیونیوں کے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب "المیادین" نیٹ ورک نے بھی بتایا کہ: "قابض صہیونی حکومت کے طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے اطراف میں بھی وحشیانہ حملہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق غزہ شہر کے علاقے "حی الدراج" اور یرموک اسٹریٹ اور غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع "دیر البلح" شہر پر بھی متعدد بار بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہوئے ۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اور غزہ کی پٹی پر مجرمانہ حملوں کے آغاز سے لے کر اب تک صیہونی حکومت نے 38 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور کم از کم 88 ہزار افراد کو زخمی کیا ہے۔