حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے لبنان کی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات اور گفتگو کی۔
حزب اللہ نے آج بروز جمعہ اعلان کیا کہ اس ملاقات میں حماس کے وفد کے سربراہ خلیل حیہ تھے جو اس تحریک کے سینیئر اراکین میں سے ایک ہیں۔
اس ملاقات میں فریقین نے مقبوضہ فلسطین بالخصوص غزہ کی تازہ ترین سیکورٹی اور سیاسی پیش رفت اور لبنان، یمن اور عراق میں فلسطینی مزاحمت کی حمایت کرنے والے محاذوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں جنگ بندی مذاکرات کی تازہ ترین پیش رفت اور ان مذاکرات میں دی گئی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، نیز فریقین نے مطلوبہ اہداف کے مطابق تمام شعبوں میں عملی اور سیاسی ہم آہنگی کو مزید جاری رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حکومت کے حملوں کے آغاز سے ہی، حزب اللہ نے صیہونی حکومت کی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کرکے فلسطینی مزاحمتی گروہوں اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے، گذشتہ مہینوں کے دوران لبنان کی اسلامی مزاحمت نے فلسطینی عوام کی حمایت میں اسرائیلی فوج کے سینکڑوں ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
گذشتہ روز حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر 200 مزائیلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا تھا جس کے بعد اسرائیلی میڈیا نے تسلیم کیا کہ اسرائیل شمال پر اپنا کنٹرول کھو چکا ہے، حمل کی وجہ سے متعدد مقامات پر آگ لگنے کے بعد ایک بھیانک صورتحال پید اہو گئی ہے۔